جماعت اسلامی کراچی حلقہ خواتین کی ناظمہ جاوداں فہیم کا ”میرا برانڈ پاکستان فیملی ایکسپو” کا خیرمقدم ، عوام سے شرکت کی اپیل

کراچی (صباح نیوز)پاکستان بزنس فورم کراچی کے صدر سہیل عزیز اور جنرل سیکریٹری عامر رفیع نے ایکسپو سینٹر کراچی میں 18اور 19جنوری کو منعقد ہونے والی ”میرا برانڈ پاکستان فیملی ایکسپو” میں خواتین کی بھر پور شرکت کو یقینی بنانے کے لیے جماعت اسلامی کراچی حلقہ خواتین کی ناظمہ جاوداں فہیم اور نائب ناظمہ فرح عمران سے ادارہ نور حق میں ملاقات کی اور ایونٹ کا دعوت نامہ پیش کیا ۔ناظمہ کراچی جاوداں فہیم نے  ”میرا برانڈ پاکستان فیملی ایکسپو” کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا ۔

یہ ایکسپو مقامی برانڈز کو فروغ دینے اور برآمدات کی ترقی میں معاونت  کے لیے منعقد کی جا رہی ہے، جس میں پاکستان کے کاروباری ہنر کی شاندار صلاحیت کو نمایاں کیا جائے گا۔ یہ ایونٹ مقامی کاروبار کو ترقی دینے اور معیشت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کراچی کی باشعور کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ اپنی فیملیز کے ساتھ بڑی تعداد میں شرکت کریں اور اس ایونٹ کو مقامی جدت اور معیار کے جشن میں بدل دے ۔انہوں نے اس ایونٹ کے ساتھ جڑے عظیم مقصد اہلِ غزہ و فلسطین کی حمایت کی بھی نشان دہی کی اور کہا کہ یہ صرف معیشت کے استحکام کا ایونٹ نہیں بلکہ اہلِ غزہ و فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا ایک پلیٹ فارم بھی ہے۔

کراچی کے عوام اپنی سخاوت ،ایثار اور قربانی کے لیے مشہور ہیں اور امید ہے کہ وہ اس نیک مقصد کے لیے اس ایونٹ میںبھرپور شرکت کریں گے۔پاکستان بزنس فورم کراچی کے صدر سہیل عزیز نے کہا کہ ”میرا برانڈ پاکستان فیملی ایکسپو” مختلف شعبہ جات کے اسٹالز، خاندانی تفریح، اور انسانی خدمت کے پیغام کو عام کرنے والے اقدامات کے ساتھ ایک متنوع سامعین کو اپنی جانب متوجہ کرے گا۔ کراچی کے عوام اتحاد اور مضبوطی کا مظاہرہ کریں اور اس ایکسپو کو مقامی برانڈز کی کامیابی اور غزہ کے عوام کے لیے امید کی علامت بنائیں۔#