اسد اللہ بھٹو کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد کی جسقم کے چیئرمین صنعان خان قریشی سے ملاقات

 کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے سینئر رہنماء اور سابق ایم این اے اسد اللہ بھٹو کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے جسقم کے چیئرمین صنعان خان قریشی سے گلشن حدید کی رہائش گاہ پر ملاقات  اور انہیں جماعت اسلامی کے تحت 12 جنوری کو سکھر میں بدامنی اور ڈاکوراج کیخلاف منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ دونوں رہنماؤں نے سندھ کی سیاسی صورتحال پر بات چیت اورخاص طور پر گرین پاکستان انشیٹو کے نام پر سندھ کی زرعی زمینوں کی بندربانٹ سمیت بدامنی اور ڈاکو راج کیخلاف مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔  جماعت اسلامی وفد میں سندھ کے سابق امیر محمد حسین محنتی، ڈپٹی جنرل سیکریٹری مولانا عبدالقدوس احمدانی، انفارمیشن سیکریٹری مجاہد چنا، مولانا ضیاء الرحمان فاروقی، ملک جاوید اقبال عباس دایوسمیت ملیر کے مقامی رہنما شامل تھے جبکہ جسقم کراچی ڈویڑن کے صدر الٰہی بخش بکک، محمد اقبال چھٹو بھی موجود تھے۔

جسقم کے چیئرمین صنعان خان قریشی نے کہا کہ جو لوگ اس دھرتی پر رہتے ہیں اور اس کا اناج کھاتے ہیں وہ سندھ کی سرزمین کے مالک ہیں ان سب کو سندھ کی مالکی کرنا چاہئے۔ سندھ میں بدامنی کے باعث پہلے ہی لوگ سخت پریشان تھے اب دریائے سندھ سے مزید  6 نہریں نکالنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، اغوابرائے تاوان روز کا معمول بن گیا ہے۔  جان بوجھ کر سندھ کے نوجوانوں کو منشیات کا عادی بنایا جارہا ہے یہ سب کچھ پولیس کی ملی بھگت کے علاوہ ممکن نہیں ہے۔ سندھ میں امن امان کی بحالی اور بدامنی کے خاتمے کیلئے ہم جماعت اسلامی کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس کو خوش آئند سمجھتے ہیں اور سندھ کے امن و خوشحالی اور اپنے بچوں کے تحفظ کے لیے ہم جماعت اسلامی کے ساتھ ہیں۔ اس موقع پر  اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ کے وسائل اور حقوق کی سودے بازی سے لیکرپانی پر ڈاکہ ڈالنے، کارونجھر پہاڑ کی کٹائی اور زمینوں کی نیلامی تک قبضہ مافیا کے ساتھ ملی ہوئی ہے، پیپلز پارٹی کی جانب سے حکومت سے علیحدگی کی دھمکی ایم کیو ایم کی دھمکی جیسی ہے۔

پی پی پی ایک ہی ٹکٹ میں حکومت اور اپوزیشن دونوں کا فائدہ اٹھا رہی ہے جس سے اس کا دوہرا کردار صاف نظر آرہا ہے۔ ملک میں سیاسی عدم استحکام ، بے روزگاری اور توانائی کے بحران سے عوام کو نجات دلانے کی کسی کو پرواہ نہیں ہے، مذاکرات میں سنجیدگی دکھائی نہیں دے رہی کیونکہ ریموٹ کنٹرول کسی اور کے پاس ہے۔ سیاسی قیادت ذاتی مفادات کی بجائے قومی مفادات کو ترجیح دے۔ جماعت اسلامی کی جانب سے اتوار کو سکھر میں ہونے والی بدامنی کے خلاف آل پارٹیز کانفرنس سندھ میں امن کی بحالی میں اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔#