بشری بی بی کی مبینہ تضحیک، مریم نواز کی گرفتاری کیلئے ایف آئی اے میں درخواست


اسلام آباد(صباح نیوز)خاتون اول بشری بی بی کی مبینہ تضحیک  کے معاملے پر پاکستان مسلم لیگ(ن)کی  نائب صدر مریم نواز کی گرفتاری کیلئے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) میں درخواست دائر کردی گئی۔

پارلیمانی سیکرٹری ایم این اے عالیہ حمزہ نے ایف آئی اے میں درخواست دی ہے جس میں انہوں نے موقف اپنایا ہے کہ خاتون اول کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، صابر ہاشمی کی وکالت کرکے مریم نواز نے اقبال جرم کیا۔

درخواست گزار عالیہ حمزہ نے کہا کہ صابر ہاشمی نے خاتون اول کی کردار کشی کی ہے، بے نظیر  بھٹو کی کردارکشی سے  لے کرآج تک ن لیگ کی نسل درنسل لوگوں کی کردارکشی میں ملوث رہی ہے۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور خاتون اول کے درمیان کشیدگی اوربشری بی بی کے ناراض ہوکر لاہور چلے جانے کی خبریں سوشل میڈیا اور بھارتی میڈیا پر چلائی جارہی تھیں۔تاہم گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گِل نے وزیراعظم اور ان کی اہلیہ بشری بی بی میں ناراضی اور علیحدگی کی خبروں کی تردید کردی تھی۔