ملی یکجہتی کونسل سندھ کا کرم پارا چنار میں امن معاہدے کا خیر مقدم

کراچی(صباح نیوز)  ملی یکجہتی کونسل سندھ نے کرم پارا چنار میں امن معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ صوبائی و وفاقی حکومت سمیت سیکورٹی ادارے غیر جانبدار رہتے ہوئے قیام امن اور معاہدے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں۔صوبائی صدر وسابق ایم این اے اسداللہ بھٹو نے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہاکہ حکومتی بے حسی اور سازشی عناصر کی کی جانب سے فرقہ واریت کی بند دکان کو کھولنے کی کوشش کی گئی جس میں بیرونی خفیہ ہاتھ کے ملوث ہونے کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے۔ امریکہ اور اس کے گماشتے امت کو لڑانے ، اپنے پنجے گاڑھنے اور مذموم مقاصد کے حصول کے لیے کوئی بھی موقعہ ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ ان شاء اللہ ملی یکجہتی کونسل سمیت تمام دینی جماعتیں اور محب وطن و دین عوام اپنے اتحاد و یکجہتی کے ذریعے امت مسلمہ کو تقسیم کرنے کی اغیار کی ہر سازش کو ناکام بنادیں گے۔