اسلام آباد(صباح نیوز)اعلیٰ عدلیہ میں سنیارٹی کی بنیادپرججز کی تعیناتی کے لئے دائر درخواستوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے معاملہ پرسپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر جج اور آئینی بینچ کے رکن جسٹس جمال خان مندوخیل آج(سوموار)کے روزدن 2بجے سماعت کریں گے۔ درخواست گزاروں کی جانب سے سینئرو کیل سینیٹر حامد خان اور سید صلاح الدین احمد پیش ہوں گے۔ درخواستیں سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور ملتان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر کی گئی ہیں۔ درخواستوں میں وفاق پاکستان اوردیگر کو وزارت قانون وانصاف کے توسط سے فریق بنایا گیا ہے۔ درخواستیں 2021اور2022میں دائر کی گئی تھیں۔ دوسری جانب سے سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان، جسٹس قاضی محمد امین احمد اور جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کی بطور سپریم کورٹ ججز تعیناتی کے خلاف دائردرخواستوں پر بھی جسٹس جمال خان مندوخیل آج (سوموار)کے روز چیمبر میں سماعت کریں گے۔
درخواست پشاورہائی کورٹ کے مرحوم چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ ، خیبرپختونخوا بارکونسل اور سندھ بار کونسل کی جانب سے دائر کی گئی ہیں۔ درخواستوں میں حکومت پاکستان کوسیکرٹری وزارت قانون و پارلیمانی امور ڈویژن اورجوڈیشل کمیشن آف پاکستان کو رجسٹرارسپریم کورٹ آف پاکستان کے توسط سے فریق بنایا گیاہے۔ درخواست گزاروں کی جانب سے سینئر وکیل سینیٹر حامد خان، قاضی محمد انور ، سید حیدرامام اوردیگر وکلاء پیش ہوں گے۔جبکہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی سے استعفوں کے بعد راجہ ریاض احمد خان کی بطور اپوزیشن لیڈر تعیناتی، الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اراکین بابر حسن بھروانہ اورجسٹس (ر)اکرام اللہ خان کی تعیناتیوںاور سابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضانقوی کی تعیناتی کو کالعدم قراردینے کے لئے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات پر جمعرات کے روز دن 2بجے جسٹس جمال خان مندوخیل اپنے چیمبر میں سماعت کریں گے۔ درخواست میں وفاق پاکستان کو سیکرٹری وزارت قانون وانصاف ڈویژن اوردیگر کے توسط سے فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے امتیاز رشید صدیقی پیش ہوکردلائل دیں گے۔ جبکہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ 2023کو کالعدم قراردینے کے لئے دائر درخواست پر رجسٹرار سپریم کورٹ کے 14جولائی 2023کے اعتراضات کے خلاف دائر درخواست پر بھی جسٹس جمال خان مندوخیل جمعرات کے روز دن 2بجے اپنے چیمبرمیں سماعت کریں گے۔درخواست محمد شاہد رانا ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں سابق چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ اوردیگر کوفریق بنایا گیاہے۔درخواست گزارذاتی حیثیت میں پیش ہوکردلائل دیں گے۔