کراچی (صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے وفد کی ہمراہ درگاہ بھرچونڈی شریف کے سجادہ نشین پیرعبدالخالق بھرچونڈی اورسندھ ترقی پسند پارٹی کے وائس چیئرمین ایڈووکیٹ عبدالفتاح سمیجو سے ان کی رہائشگاہ پرپہنچ کر ملاقات کی ۔
وفد میں جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ چنا،ڈپٹی جنرل سیکرٹری علامہ حزب اللہ جکھرو،مفتی یوسف مزاری ودیگر مقامی رہنما بھی شامل تھے۔صوبائی امیر نے پیر بھرچونڈی شریف اورایس ٹی پی رہنما کو سندھ میں بدامنی اورڈاکوراج کے خاتمے کے لئے جماعت اسلامی کے تحت 12جنوری کو سکھر میں ہونے والی کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جوکہ انہوں نے قبول اورشرکت کا یقین دلایا۔
امیرجماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے کہاکہ حکومتی نااہلی کی وجہ سے بدامنی سمیت سندھ مسائلستان بن گیا ہے۔گذشتہ دنوں جیکب آباد میںصوبائی مشیرکے پولیس اسکواڈ سے ڈاکوئوں کو اسلحہ سمگلنگ کرتے ہوئے پکڑنے کے بعدکراچی میں پولیس موبائل میں شہری کو اغواکرکے کروڑوں روپے لوٹ لینے کا واقعہ مرادعلی شاہ حکومت کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔
سندھ کے پانی پرڈاکہ اورگیس بجلی سے محروم کیا جارہا ہے ۔پیپلزپارٹی تسلسل کے ساتھ سندھ میں اقدار میں ہے مگر کئی سال گزرجانے کے باوجودسیاحتی مرکز گورکھ ہل سے لیکر جامشورو سیہون ڈبل روڈ تک کوئی بھی منصوبہ پایہ تکمیل تک نہیں پہنچا،صوبائی دارالحکومت کراچی کو کھنڈربنادیا گیا ہے شہری پانی بجلی اورامن وامان کی بدترصورتحال پرسراپا احتجاج ہیں مگر حکمرانوں کے کان پرجوںتک نہیں رینگتی۔
پیپلزپارٹی حکومت نے صرف کرپشن اورقرضوں میں رکارڈ توڑدیئے ہیں۔وزیراعلیٰ قابلیت وصلاحیت کے باوجو دسندھ میں قائم” سسٹم”کے قیدی بنے ہوئے ہیں۔پیپلزپارٹی حکومت میں ہونے کے باوجودپانی پرڈاکہ اورگیس بجلی سمیت صوبائی حقوق پر محض بیان بازی کی بجائے مشترک مفادات کونسل سمیت قانونی چارہ جوئی کرے۔ اگرحکومت ناانصافیوں پر صرف مذمتی بیان دے تو پھراپوزشن اورحکومت میں کیا فرق رہ جاتا ہے۔