کراچی (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ گھٹن زدہ ماحول میں شہریوں کے لیے کھیلوں کی مثبت سرگرمی کا انعقاد خوش آئند ہے۔ کراچی ایسا شہر ہے جس نے کھیلوں میں نمائندگی کی اور پاکستان کا نام روشن کیا۔ ماضی میں پارکوں اور کھیلوں کے میدانوں پر قبضہ کر کے چائنا کٹنگ کی نذر کیا گیا ،کھیلوں کے میدان پر قبضہ کرنے کی وجہ سے عوام گراؤنڈ سے محروم ہوگئے۔جماعت اسلامی نے نوجوانوں کی آواز بن کر طے کیا کہ نوجوانوں کو مایوس نہیں کریں گے۔
جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمینز نے محدود و سائل و اختیارات کے باوجود مختصر وقت میں میدانوںاور پارکوں کو بحال کیا۔ جماعت اسلامی نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرے گی۔ٹاؤن ناظم آباد اور نارتھ ناظم آباد کے چیئرمینز عوام کے تعاون سے کھیلوں کے مزید میدان آباد کریں گے اور عوام کے لیے ان میدانوں میں کوئی کمرشل ایکٹیویٹی نہیں کرنے دیںگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع وسطی کے تحت انوبھائی پارک ناظم آباد میں اسپورٹیفائی اسپورٹس لیگ کی اختتامی تقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے امیرجماعت اسلامی ضلع وسطی سید وجیہ حسن ،وائس ٹاؤن چیئرمین ضیاء جامعی ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پرسکریٹری ضلع سہیل زیدی،یوسی 8الفلاح نارتھ ناظم آباد کے وائس چیئرمین ذوالفقار احمد، ناظم علاقہ الفلاح مشیر الاسلام ،سینئر ڈپٹی سکریٹری اطلاعات صہیب احمد ،ودیگر بھی موجودتھے ۔ایک ماہ پر مشتمل اسپورٹس لیگ میں انڈور اور آوٹ ڈور کرکٹ، فٹبال، ٹینس اور بیٹ منٹن سمیت دیگر کھیلوں میں 200 سے زائد ٹیموں نے حصہ لیا جس میں1000 سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ہمایوں نقوی نے اختتامی تقریب میں شامل دونوں ٹیموں کو کتابوں کا تحفہ پیش کیا۔اسپورٹیفائی اسپورٹس لیگ کی کمیٹی کے انچارج اہتشام الحق، انس نقوی ودیگر نے جماعت اسلامی کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔منعم ظفر خان نے انڈور اور آؤٹ ڈور کرکٹ میں جیتنے والی ٹیموں کو ٹرافی دی۔منعم ظفر خان نے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی ضلع وسطی مبارکباد کی مستحق ہے جنہوں نے اسپورٹس کی اتنی بڑی سرگرمی کا انعقاد کیا۔ ڈیڑھ سال کے عرصے میں 125 پارکوں کو عوام کے لیے بحال کروایا ہے۔
پارکوں کے ساتھ کھیلوں کے میدانوں اورتعلیمی اداروں کو بھی بحال کررہے ہیں۔ محدود وسائل اور مختصر وقت میں 44 ہزار سے زائد لائٹس لگائی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کھیلوں کے میدانوں اور پارکوں کو چائنا کٹنگ کرنے والے کون تھے؟ ان سے سب واقف ہیں،کراچی کے طالب علم میٹرک اور انٹر میں فرسٹ نمبر پر آئے ہیں مگر ایم ڈی کیٹ کے ٹیسٹ میں فیل ہوگئے ہیں۔ ایم ڈی کیٹ کے ٹیسٹ میں کراچی کے طلبہ کا 28فیصد اور لاڑکانہ میں 77فیصد طالب علموں کو پاس کیا گیا ہے۔ جس طرح پارکوں اور کھیلوں کے میدانوں کی چائنا کٹنگ کی گئی اسی طرح طرح تعلیم کی بھی چائنا کٹنگ کی جارہی ہے۔ جماعت اسلامی نے حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں 2 سال میں 48 ہزار نوجوانوں کو آئی ٹی کی فری تعلیم دی ہے۔ گزشتہ 2 ماہ میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد نوجوانوں نے رجسٹریشن کروائی اور 75 ہزار نوجوانوں نے شرکت کی ہے۔ کھیلوں کا مسئلہ ہو یا تعلیم کا جماعت اسلامی نوجوانوں کا ہاتھ تھام کررکھے گی۔سید وجیہ حسن نے کہاکہ جیتنے والی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی نے طے کیا ہے کہ قبضہ شدہ پارکوں کو بچوں کے لیے بحال کروائیں گے۔ناظم آباد میں 8 گراؤنڈ پرقبضہ کیا ہوا تھا۔
جماعت اسلامی نے 3 پارکوں کاقبضہ چھڑواکر بحال کردیا ہے۔ بقیہ قبضہ شدہ پارکس اور گراؤنڈ بھی عوام کے لیے کھلوائیں گے۔ جن لوگوں نے گراؤنڈ اور پارکوں میں قبضہ کرنے والوں کی سرپرستی کی وہی لوگ کراچی کے طلبہ کے رزلٹ پر قبضہ کرکے انہیں فیل کروارہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کراچی دشمن پارٹی ہے اور ہمیشہ سے کراچی کے ساتھ متعصبانہ سلوک کیا ہے۔ ٹاؤن چیئرمین ناظم آباد سید مظفر علی اورٹاؤن چیئرمین نارتھ ناظم آباد عاطف علی خان عوام کے مسائل کے حل کے لیے کوششیں کررہے ہیں۔