لاہور(صباح نیوز) الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ لاہور کے تحت سردی کی بڑھتی شدت کے باعث کرامت کالونی کمیونٹی سنٹر میں تقسیم ونٹر پیکج پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں مسلم اور اقلیتی مسیح برادری کی مستحق فیملیزمیں ونٹر پیکج تقسیم کئے گئے۔اس حوالے سے الگ الگ تقاریب کا انعقاد کرامت کالونی کمیونٹی سنٹر اور مقامی چرچ میں کیا گیا۔ونٹر پیکج میں مردانہ و زنانہ سویٹر ،جرسیاں،گرم چادریں،شال، جرابیں، کمبل اور دیگر اشیا شامل تھیں۔
تقریب میں محترمہ زبیدہ جبیںنائب قیمہ جماعت اسلامی پاکستان، محترمہ سائرہ ابرار، محترمہ عصمت ناہید، محترمہ روبینہ اور مستحق فیملیوں نے شرکت کی،مجموعی طور پر سو سے زائد فیملوں میں ونٹر پیکج تقسیم کئے گئے۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ زبیدہ جبیں نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن ملک کے اندر اور بین الا قوامی سطح پر انسانیت کی خدمت میں مصروف ہے۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ لاہور نہ صرف مسلم بلکہ اپنے اقلیتی بہن بھائیوں کی بلا تفریق خدمت کر رہا ہے ۔کوئی تہوار ہو ،موسم کی گرمی سردی ہو،روزگار کی فراہمی کا معاملہ ہو، صحت وتعلیم کا شعبہ ہو یا مستحق بچیوں کو جہیز کی فراہمی کا معاملہ ہوالخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ پیش پیش نظر آتا ہے جس پر اسے خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت عین عبادت ہے اور مجھے امید ہے کہ الخدمت کی عہدیدداران اور رضا کار اسی جوش جذبہ سے انسانیت کی خدمت جاری رکھیں گے۔