کراچی (صباح نیوز) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل بہت ہیں لیکن ہم نے کافی حل کر دیئے ہیں۔سندھ ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کے ہائی وے ریسکیو آپریشنز کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں مراد علی شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت ہے کہ واٹر سپلائی اور نکاسی آب کی اسکیمیں صوبے بھر میں دینی ہیں۔ آج کا دن ہماری جدوجہد کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، ہم سندھ کو محفوظ، مضبوط اور خوشحال بنانے کے لیے کوشاں ہیں، ریسکیو 1122 عالمی معیار کی ایمرجنسی خدمات فراہم کرنے کا بہترین اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کا 2022 ء میں جدید ترین سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا کراچی میں افتتاح کیا تھا، آج ہم ریسکیو 1122کے سیٹلائٹ اسٹیشنز کا آغاز کر رہے ہیں جو نہ صرف بڑی شاہراہوں اور موٹرویز کے دائرہ کار میں ہنگامی خدمات سرانجام دیں گے بلکہ قریبی آبادیوں کو بھی سہارا فراہم کریں گے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ریسکیو 1122 سندھ میں ایمرجنسی خدمات کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے، ورلڈ بینک کی معاونت سے یہ منصوبہ شروع کیا گیا تھا اور اب یہ مکمل طور پر سندھ حکومت کے محکمہ بحالی کے تحت کام کر رہا ہے۔
وزیراعلی نے کہا کہ ریسکیو 1122 کے ورکرز کو بین الاقوامی سطح کی اکیڈمی سے مکمل پیشہ ورانہ تربیت دی جاتی ہے، ہم سندھ کے عوام کو اعلی معیار کی ایمرجنسی خدمات فراہم کرنا چاہتے ہیں، سندھ حکومت جدید ترین ریسکیو مشینری، بشمول جدید آلات اور سامان ریسکیو 1122 کو فراہم کر رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو ریسکیو 1122 کے ذریعے ایمرجنسی کی صورت میں بے حد فائدہ پہنچے گا، تربیت یافتہ ریسکیو اہلکار اور جدید آلات کا یہ پیشہ ورانہ امتزاج یقینا قیمتی جانیں بچائے گا، ریسکیو 1122 ضرورت مندوں کو بروقت مدد فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی کیپسٹی بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اور سندھ میں ریسکیو 1122 کی ضرورت پہلے سے تھی۔ ریسکیو 1122 کے مزید 16 سینٹرز بنائے گئے ہیں۔ جبکہ ریسکیو اہلکاروں کو مناسب تربیت دی گئی ہے۔
وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کی خدمت کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ جبکہ ہائی ویز اور کوسٹل ایریاز تک ریسکیو کی استعداد کار بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ہماری، میئر ہمارا ہے تو پھر ذمہ داری بھی ہماری ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے پانی کی سپلائی اور ڈرینیج کی خاص ہدایات ہیں۔