کراچی (صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے وفد کی ہمراہ جمعیت علمائے اسلام ف کے صوبائی امیر اورخانکاہ ہالیجی شریف کے چشم وچراغ سائیں عبدالقیوم ہالیجوی سے ملاقات کی ۔دونوں قائدین نے ملک وسندھ کی سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال خاص طور پربالائی سندھ میں امن وامان کی مخدوش صورحال وحکومتی بے حسی پرتشویش کا اظہار کیا گیا۔
وفد میں جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ چنا،ڈپٹی جنرل سیکریٹری علامہ حزب اللہ جکھرو،حافظ امان اللہ تنیو،مفتی عبدالکریم ،مولانا عبدالرحیم اوروزیراحمدانڈھڑ بھی شامل تھے۔صوبائی امیر نے جے یوآئی سندھ کے امیر کو سندھ میں بدامنی اورڈاکوراج کے خاتمے کے لیے جماعت اسلامی کے تحت 12جنوری کو سکھر میں ہونے والی کل جماعتی کانفرنس کا دعوت نامہ بھی پیش کیا۔ امیرجماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے کہاکہ دریائے سندھ کے پانی پرڈاکہ سے لیکرڈاکوراج تک پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کی نااہلی و سندھ دشمنی قابل گرفت ہے۔
انہوں نے کہاکہ موسم سرما کے باوجود سندھ میں بجلی وگیس کی بدترین لوڈشیڈنگ قابل مذمت اورسندھ حکومت کی ناکامی ہے۔عوام کو بنیادی حق دلانے کی بجائے اقتدارکی خاطر سودے بازی جمہوریت کی دعویدارپارٹی کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔سندھ میں سب سے زیادہ گیس پیدا ہونے کے باوجود گیس کی لوڈ شیڈنگ محرومیوں میں اضافہ کا باعث بن رہا ہے۔ جہاں گیس پیدا ہو وہاں کے لوگوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے اور اسی گیس سے دوسرے صوبوں کے کارخانے چلیں تویہ ظلم و زیادتی ناقابل برداشت عمل ہے۔
بجلی گیس بحران سے لیکر مہنگائی کے خلاف اورامن کی بحالی وعوام کے حقوق کے لیے جماعت اسلامی عملی طور پرمیدان میں ہے۔ جے یو آئی سندھ کے امیر سائیں عبدالقیوم ہالیجوی نے کہاکہ سندھ میں امن وامان سب سے بڑا مسئلہ بن چکا ہے عوام دن کو اور نہ رات کو محفوظ ہیں ۔ لوگوں کو عزت کے ساتھ رہنے کا حق دیا جائے۔حکومت کی اولین ذمے داری بنتی ہے کہ وہ قیام امن اورشہریوں کی جان ومال کی حفاظت کے موئثراقدامات کرے تاکہ سندھ کے عوام کوئی سکھ کا سانس لے سکیں.انہوں جماعت اسلامی کی اے پی سی کا خیرمقدم اورشرکت کا یقین دلایا۔#