ڈی چوک احتجاج ،گرفتار پی ٹی آئی مظاہرین کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ڈی چوک احتجاج کے دوران گرفتار پی ٹی آئی مظاہرین کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ملزمان کے وکلا اور پراسیکیوٹر راجہ نوید بھی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوئے۔ دورانِ سماعت جج ابو الحسنات ذوالقرنین  نے کہا کہ ضمانتیں لگی ہوئی ہیں، آپ یہ کریں ایک ہی وکیل بحث کر لے۔

وکیلِ صفائی نے کہا کہ ملزمان میں افغان اور پاکستانی شہری شامل ہیں۔جس پر جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کہا کہ افغان شہریوں کی حد تک ان کے نام بتا دیں ان کو الگ کر دیتے ہیں۔وکیلِ صفائی نے کہا کہ سب افغان شہری قانونی طور پر پاکستان میں رہ رہے ہیں، سب کاغذات بھی لگے ہوئے ہیں، قانونی طور پر رہنے والے افغان شہریوں نے پناہ کے  لئے  درخواست دے رکھی ہے اور وہ غلط سرگرمیوں میں شامل نہیں ہوتے، افغان شہریوں کو کراچی کمپنی اور ترنول میں گھروں سے اٹھایا گیا ، ان کی تعداد 146 ہے۔جج نے وکیل سے سوال کیا کہ کیا ان سب پر برآمدگیاں ڈالی گئی ہیں۔وکیلِ صفائی نے کہا کہ سب پر مشکوک برآمدگیاں ڈالی گئی ہیں، کوئی ویڈیو اور کوئی پرائیویٹ گواہ نہیں  ۔عدالت نے  گرفتار پی ٹی آئی مظاہرین کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔