masood_abdali@hotmail.com
ایک سال اور بیت گیا، ان 366 دنوں میں اہل غزہ کو ذرہ برابر راحت نصیب نہیں ہوئی۔ سات اکتوبر 2023 سے جاری ہونے والی آتش و آہن کی بارش میں ایک لمحے کا بھی وقفہ نہ آیا اور 20 دسمبر تک غزہ میں شہداء کی تعداد 45,028 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 106,962 افراد شدید زخمی ہیں۔ان میں وہ افراد شامل نہیں جو اب تک ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ ہزاروں نوجوان تشدد کی تاب نہ لاکر دم توڑ گئے اور لاشوں کو اسرائیلی فوج نے ٹھکانے لگادیا۔غزہ کے ساتھ غرب اردن میں بھی نسل کش کاروائیاں جاری رہیں۔ مشرقی یروشلم، رام اللہ، جنین، نابلوس، الخلیل (Hebron)، اریحہ (Hebron)اور قلقیلیہ میں ہزاروں افراد کو انکے گھروں سے نکال کر اردنی سرحد کی جانب دھکیل دیا گیا۔ اس خونریزی کا سب سے شرمناک پہلو ممنوع ہتھیار کا استعمال ہے۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم HRWنے تفصیلی تحقیقات کے بعد اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اسرائیل لبنان پر بمباری میں سفید فاسفورس استعمال کررہا ہے۔ اس سریع الاشتعال مادے سے بھڑکنے والی آگ کی 800 ڈگری سینٹی گریڈ حرارت فولاد کو پگھلانے کیلئے کافی ہے۔ جنیوا کنونشن کے تحت شہری آبادیوں پر سفید فاسفورس کا استعمال ممنوع ہے۔ ایح آر ڈبلیو کا کہنا ہے کہ تحقیقات کےدوران انھیں لبنان میں کم از کم 19 مقامات پر سفید فاسفورس کے شواہد ملے ہیں۔ دوسرے مہلک ہتھیاروں کی طرح اسرائیل کو ‘انسانیت سوز’ سفید فاسفورس بھی چچا سام فراہم کرتے ہیں۔ شام میں طرطوس کی بندرگاہ پر اسرائیلی نے جو بم پھینکے، زلزلہ پیما (Seismograph) پر ان دھماکوں کی شدت 3 سے زیادہ تھی۔
اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بند لیکن بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔اسرائیل نے ایران پر ایک اور یمن پر لاتعداد فضائی حملے کئے۔ ایران نے دمشق میں اپنے سفارتخانے اور بیروت پر بمباری کے ردعمل میں اسرائیل پر ڈرون اور میزائیل حملے کئے۔
یوکرین کی جنگ اس سال بھی جاری رہی اور اب شمالی کوریا کے سپاہی بھی روس کے شانہ بشانہ یوکرین کے خلاف برسرپیکار ہیں۔
کشمیر، برمااور چین کے ویغور مسلمانوں کی حالت ویسی کی ویسی ہی رہی۔ بنگلہ دیش کے برمی پناہ گزین کیمپوں کی ناگفتہ صورتحال کی بنا پر مہاجرین کے پُر خطر فرار کے واقعات رونما ہورہے ہیں۔ بدترین اقتصادی پابندیوں کا شکار اہل شمالی کوریا کیلئے بھی راحت کے کوئی آثار پیدا نہ ہوئے۔ گزرے سال کے دوسرے اہم واقعات کچھ اسطرح ہیں:
• عالمی فوجداری عدالت (ICC) نے اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتھن یاہو، ، وزیرددفاع یوف گیلینٹ، حماس کے سابق سربرہ اسماعیل ہانیہ، یحیٰی سنوار اور محمد ضیف کے پروانہ گرفتاری جاری کردئے۔
• اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (UNGA)نے ایک قرارداد منظور کرلی، جس میں اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ‘مقبوضہ فلسطینی علاقے میں اپنی غیر قانونی موجودگی کو بلا تاخیر ختم کرے اور یہ کام 12 ماہ کے اندر مکمل ہوجانا چاہئے’۔ قرارداد کے حق میں 124 ووٹ آئے، امریکہ، ہنگری اور ارجنٹینا سمیت 14 ممالک نے مخالفت کی جبکہ ہندوستان، یورپی یونین کے اکثر ممالک اور آسٹریلیا سمیت 43 ممالک غیر جانبدار رہے
• نصف صدی بعد شام میں الاسد خاندان کی آمریت کا خاتمہ ہوگیا۔ بدترین بمباری سے شام کے تمام عسکری اثاثے اور تنصیبات کو تباہ کرنے کے ساتھ اسرائیل نے مقبوضہ جولان سے متصل جبل حرمون پر قبضہ کرلیا جسکے بعد دمشق براہ راست اسرائیل کے نشانے پر ہے۔
• بنگلہ دیش میں مجیب خاندان کے اقتدار کا خاتمہ، حسینہ واجد ہندوستان فرار
• روس کی شدید مخالفت کے باوجود نگورنو کارباخ کو آذر بائیجان میں ضم کردیا گیا
• مصر میں اخوان المسلمون کے مرشد عام (امیر) سمیت چھ افراد کو سزائے موت سنادی گئی
• پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کو آفیشیل سیکریٹ ایکٹ پردس سال قید کی سزاسنادی گئی
ستاروں پہ جو ڈالتے ہیں کمند
روس، امریکہ، چین اور ہندوستان کے بعد جاپان چاند پر پہنچنے والا پانچواں ملک بن گیا۔
پاکستان نے اپنا پہلا سیارچہ ICUBE-Q یا رشکِ قمر، چینی راکٹ Chang’e-6 کے ذریعے مدارِ قمر پہنچا دیا
کھیل کود
• ہندوستان نے عالمی شطرنج میں خواتین اور خواتین و مرد (OPEN)دونوں مقابلے جیت کر طلائی تمغہ اپنے نام کرلیا۔
• پیرس اولمپک میں پاکستان کے ارشد ندیم نےنیزہ بازی میں سونے کا تمغہ جیت لیا
کاروبار کی دنیا ۔۔ عالمی تجارت ۔۔ تیل کی دھار
• امریکہ میں تیل و گیس کے دوبڑے اداروں کونوکوفلپس (ConocoPhillips)اور میراتھن آئل (Marathon)نے باہم ادغام کا اعلان کردیا
• جاپان کے گاڑی ساز اداروں ہنڈا اور نسان (NISSAN)نے ادغام کیلئے مفاہمت کی یادداشت (MOU)پر دستخط کردئے۔
• ایران ترکیہ اور برطانیہ کا مشارکہ ہیرات(افغانستان) میں لوہے کی کانکنی پر ساڑھے پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریگا۔ایک ہزار مربع کلومیٹر رقبہ تیس سال کے پٹے پر دیدیا گیا۔ کانکنی کیساتھ یہ کمپنی علاقے میں بجلی کی فراہمی اور دوسرے ترقیاتی منصوبوں پر 4 کروڑ ڈالر خرچ کرینگی
بدامنی, ہنگامے، نا خوشگور واقعات اور فوجی مداخلت
• روسی داارالحکومت ماسکو کے Caucus City hall پر حملہ، 145 افراد ہلاک 550 زخمی 4 دہشت گرد گرفتار
• پینسلوانیہ میں ڈانلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ، سابق صدر محفوظ رہے لیکن انکا ایک حامی ہلاک ہوگیا۔حملہ آور کو پولیس نے گولی ماردی۔ ذمہ داری قبول کرتے ہوئے خفیہ سروس کی سربراہ کمبرلی شیٹل Kimberly Cheatle مستعفی ہوگئیں۔
• اسرائیلی اور مقامی ٹیم کے درمیاں فٹبال میچ کے بعد اسرائیلی شائقین اور ولندیزی نوجوانوں کے درمیان تصادم۔ مقامی ریل (ٹرام) کا ایک ڈبہ جلادیا گیا۔
اہم انتخابات، تقرروتنزل، تبدیلیِ اقتدار و فوجی انقلاب
• امریکی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی کامیابی، ڈانلڈ ٹرمپ، امریکہ کے 47 ویں صدر منتخب ہوگئے۔ ایوان نمائندگان اور سینیٹ پر بھی ریپبلکن پارٹی کو واضح برتری
• ڈنمارک کی مارگریٹ دوم اپنے صاحبزادے فریڈرک دہم کے حق میں تخت سے دستبردار
• نگری جوہور کے سلطان ابراہیم اسکندر ملائیشیا کے شاہ شاہاں ہوگئے۔ ملائشیا 13 خودمختار نگریوں (ریاستوں) پر مشتمل ہے۔ ان میں سے 9، ملائی بادشاہوں کے زیرِ نگیں ہیں۔ یہ نو بادشاہ ہر پانچ سال بعد خفیہ رائے شماری کے ذریعے اپنے میں سے ایک کو وفاق کا بادشاہ منتخب کرلیتے ہیں۔ اس سے پہلے نگری پاہانگ کے عبداللہ سلطان احمد شاہ وفاق کے باشاہ تھے۔
• آصف علی زرداری پاکستان کے صدر اور محمد شہباز شریف وزیر اعظم منتخب ہوگئے
• اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف مستعفی، وہ یہ منصب سنبھالے والے پہلے مسلم رہنماہیں
• میکسیکو کے صدارتی انتخابات میں محترمہ کلاڈیا شینبام Claudia Sheinbaumکی کامیابی۔ کلاڈیا شینبام صاحبہ انرجی انجنیرنگ میں پی ایچ ڈی اور میکسیکو کی پہلی خاتون یہودی صدر ہیں۔
• ہندوستان کے انتخابات میں نریندرا مودی کی تیسری کامیابی۔ تاہم اس بار انکی جنتا پارٹی واضح اکثریت حاصل نہ کرسکی۔
• فرانس کے پارلیمانی انتخابات، کوئی جماعت واضح اکثریت حاصل نہ حاصل کرسکی، سوشلسٹ اور بائیں بازو کو خفیف سی برتری۔ صرف چھ ماہ بعد فرانسیسی پارلیمان نے وزیراعطم مائیکل برنیر (Michael Bernier)پر عدم اعتماد کی اظہار کردیا۔ رائے شماری کے دوران 577 رکنی ایوان کے 331 ارکان نے انکے خلاف ہاتھ بلند کئے۔یہ 1962 کے بعد فرانسیسی حکومت پر عدم اعتماد کا پہلا واقعہ ہے۔
• برطانیہ کے انتخابات میں لیبر پارٹی کی کامیابی، کئیر اسٹارمر (Keir Starmer)نئے وزیراعظم منتخب
• معروف جراح قلب (Heart Surgeon)مسعود پیزشکیان 53.67فیصد ووٹ لیکر ایران کے صدر منتخب ہوگئے۔
• اردن کے انتخابات میں اخوانی فکر کا حامل جبهة العمل الإسلامي (اسلامک ایکشن فرنٹ) 56.24 فیصد ووٹوں کیساتھ پہلے نمبر پر
• آسٹریا کے پارلیمانی انتخابات میں غیر ملکیوں اور مسلم مخالف فریڈم پارٹی FPÖکو برتری حاصل ہوگئی۔ ایک سو تراسی (183)رکنی نیشنل کونسل (قومی اسمبلی) میں 56 کیساتھ پہلے نمبر پر
• رومانیہ کے صدارتی انتخابات میں نیٹو مخالف دائیں بازو کے امیدوار کو برتری۔روس نواز کیلن جارجیسکو Călin Georgescu نے 22.94 فیصد ووٹ ملے۔ اول اور دوم آنے والے امیدواروں کے درمیان دوسرے مرحلے یا Run-offانتخابات 8 دسمبر کو ہونے تھے۔ لیکن انتخابات میں روسی مداخلت ثابت ہونے پر عدالت عظمی نے 6 دسمبر کو پہلے مرحلے کے نتایج کالعدم کردئے
• جرمن پارلیمان نے چانسلر اولاف شلز کواعتماد کا ووٹ دینے سے انکار کردیا، 207 ارکان نے حمائت اور 394 نے مخالفت کی جبکہ 116 اراکان غیر جانبدار ریے۔ حکومت سازی میں ناکامی پر صدر نے بندیستاک (قومی اسمبلی) تحلیل کردی۔نئے انتخابات 23 فروری کو ہونگے
ہر چند اس میں ہاتھ ہمارے قلم ہوئے
عالمی کمیٹی برائے تحفظ صحافیان (CPJ)کے مطابق سات اکتوبر 2023کو اسرائیلی حملے کےبعد سے اس سال 20 دسمبر تک غزہ، غربِ اردن، اور لبنان میں 141 صحافی قتل کئے گئے۔ ہلاک و زخمی ہونے والوں صحافیوں کی غالب اکثریت الجزیرہ اور دوسرے عرب خبر رساں اداروں سے وابستہ افراد کی ہے لیکن ظلم و جبر کی حکائت رقم کرتے ہوئے امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹیڈ پریس اور رائٹرز، روسی Sputnik، فرانیسی AFP کیساتھ اسرائیلی ٹیلی ویژن Ynet، چینل 12 اور الارض Haaretzکے صحافیوں نے بھی قلم کی حرمت کیلئے اپنے سینہ و سر پیش کئے۔ ہمارا خطہ بھی صحافیوں کے خون سے گلنار رہا۔پاکستان میں 6، بنگلہ دیش میں 5 اور ہندوستان میں 3 جنازے اٹھے۔ اسوقت دنیا بھر میں 520 صحافی جیلوں میں ہیں جن میں سب سے زیادہ یعنی 135 خامہ بردار چین اور ہانگ کانگ میں پسِ دیوارِ زنداں ہیں
• اسرائیل میں الجزیرہ پر پابندی لگادی گئی۔یہ ٹیلی ویژن نہیں دہشت گردوں کا ترجمان ہے۔ اسرائیلی کابینہ کا اعلان
• اسرائیل کے اتباع میں مقتدرہ فلسطین (PA)نے الجزیرہ کے رام اللہ صدر دفتر کو تالہ لگادیا
• امریکی کانگریس نے TikTokپر پابندی کی قرارداد منظور کرلی
• اسرائیلی فوج نے امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹیڈ پریس (AP)کے دفتر حملہ کرکے کیمرے اور آلات چھین لئے۔
• امن معاہدے کے حق میں اداریہ کیوں لکھا۔؟ تل ابیب میں روزنامہ الارض (Haaretz)کے دفتر کے شیشے توڑ دئے گئے۔ اسرائیلی حکومت کی جانب ملک کے اس قدیم ترین اخبار کا بائیکاٹ۔ سرکاری دفاتر کیلئے اب یہ پرچہ نہیں خریدا جائیکا۔ حکومتی اشتہارات کی بندش ہوگی۔ سرکاری تقریبات میں انکے نمائندوں کو مدعو کیا جائیگا اور نہ حکومتی اعلامیوں کی نقول الارض کو بھیجی جائینگی، پارلیمانی گیلری میں انکے نمائندوں کا داخلہ بھی ممنوع ہے۔
• افغانستان میں آرزو ٹیلی ویژن پر پابندی لگادی گئی
حادثات و سانحات
• جاپان میں زلزلہ
• پاپوا نیو گنی (Papua New Guinea)میں تودے پھسلنے (Land Slide) سے 2000 افراد ہلاک۔
• کوئت کی ایک رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے 45 ہندوستانی شہری ہلاک۔یہ اعلٰی تعلیمیافتہ افراد بہتر زندگی کی تلاش میں کوئت آئے تھے۔
• کیرالہ میں تودے گرنے سے 334 افراد ہلاک
• جنوبی ایتھیوپیا کے گوفا پہاڑی علاقے میں تودے کرنے سے 274 افراد ہلاک
• مغربی ایرانی صوبے خوزستان کے علاقے مسجدِ سلیمان میں 5.7 شدت کا زلزلہ
• اس سال کا آخری ہفتہ ہوائی سفر کیلئے بہت نامبارک ثابت ہوا۔ کرسمس کے روز آذربائیجان ائر لائن کا باکو سے گروزنی (چیچنیا) جانے والا طیارہ قازقستان میں گرکر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں دونوں ہواباز اور ایک فضائی میزبان سمیت 38 افراد ہلاک۔ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ روس کے طیارہ شکن میزائیل سے لگنے والی ضرب حادثے کا سب بنی۔ روسی صدر نے ذمہ داری کے عدم اعتراف کیساتھ معافی کی درخواست کردی۔ اس المناک حادثے کے صرف تین دن بعد جنوبی کوریا کی نجی جہاز راں کمپنی جیجو ائرلائنز کی بینگکاک سے وطن آنے والی پرواز موان (Muan) ائرپورٹ پر گرکر تباہ ہوگئی۔ جہاز پر سوار 181 میں سے 179 افراد ہلاک
اسلاموفوبیا اور انسانی حقوق
• جماعت اسلامی بنگلہ دیش پر سے پابندی ہٹالی گئی
• ممتاز مصنفہ، انسانی حقوق کی کارکن اور کشمیر میں ظلم و تشدد کے خلاف توانا آواز شریمتی ارندھتی رائے کے خلاف دہشت گردی کا پرچہ کاٹنے کی اجازت دیدی گئی۔ رائے صاحبہ کو Bookerاعزاز مل چکا ہے۔ ریاست کے خلاف تقریر کرنے پر موصوفہ کے خلاف انسداد غیر قانونی سرگرمی ایکٹ یا UAPAکے تحت مقدمہ درج کرنے کی اجازت دہلی کے ڈپٹی گورنر وی کے سکسینہ نے دی ہے
• امریکی عدالت عظمیٰ نے بے گھر لوگوں کا سڑکوں پر سونا غیر قانونی قراردیدیا۔ دنیا کے اس امیر ترین ملک میں 6 لاکھ افراد بے گھر ہیں۔ عدالتِ عظمیٰ نے 6:3 سے فیصلہ سنادیاکہ بلدیات اور شہری انتظامیہ پبلک مقامات پر خٰیمہ گاڑنے یا سونے پر جرمانہ کرسکتی ہیں۔تین ججوں کی جانب سے جسٹس سونیا سوتومیئر Sonia Maria Sotomayor نے اختلاقی نوٹ تحریر کیا۔فاضل جج صاحبہ نے لکھا کہ یہ فیصلہ صرف شہروں کی ضروریات کا احاطہ کرتا ہے اور معاشرے کے کمزور افراد کا نظر انداز کردیا گیا ہے۔ جج صاحبہ نے اپنے نوٹ میں مزید تحریر فرمایا کہ نیند ایک حیاتیاتی ضرورت ہے لیکن اس فیصلے کے بعد بے گھر افراد اب جاگتے رہیں یا گرفتار ہو جائیں۔
• اقوام متحدہ نے بچوں کے قتل عام پر اسرائیل اور فلسطینی مزاحمت کاروں کو List of Shame کی زینت بنادیا۔ اسکا اعلان کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے معتمد عام انتونیو گچیرس نے کہا کہ غزہ میں بچوں کا قتل عام ناقابل برداشت اور متحارب فریقوں کیلئے شرم کا باعث ہے۔ماضی میں روس، افغانستان، عراق، شام، برما، صومالیہ اور یمن کا نام شرمناک فہرست پر ڈالا جاچکا ہے۔
• جامعہ بیلجئم (UGent) نے اسرائیل کے تین تحقیقاتی اداروں، Holon Institute of Technology ،MIGAL Galilee Research Institute اور Volcani Center سے تعاون ختم کردیا۔ ان تینوں مراکز کا زرعی تحقیق کے حوالے سے اعلیٰ مقام ہے۔ جامعہ کے ریکٹرنے ایک بیان میں کہا کہ یہ ادارے انسانی حقوق کے باب میں جامعہ بیلجئم کی اقدار سے مطابقت نہیں رکھتے
• اسرائیل میں لاؤڈ اسپیکر پر اذان دینا ممنوع قراردیدیا، خلاف ورزی کی مرتکب مساجد کا لاؤڈ اسپیکر ضبط کیا جاسکے گا۔
• امریکہ کی انتہائی موقر جامعہ اسٹینفرڈ (Stanford)نے فلسطین کے حق میں مظاہرہ کرنے والے 12 طلبہ اور مظاہرہ کی فلمبندی کرنے والے ایک صحافی کے خلاف مجرمانہ (felony)سرگرمی کا پرچہ کٹوادیا۔
• شکاگو کی نجی جامعہ ڈی پال (DePaul University)میں حیاتیات (Biology)کی ایک پروفیسر کو برطرف کردیا گیا۔ پروفیسر این اکینو (Ann d’ Aquino)نے اپنی کلاس کے طلبہ کو مضامین لکھنے کیلئے جو موضوعات دئے ان میں Gaza Genocide بھی شامل تھا۔
• کولمبیا یونیورسٹی کی شیخ الجامعہ ڈاکٹر مونیکا شفیق نے ایک حکم کے ذریعے کولمبیا کالج کی ڈین ڈاکٹر سوزن چینک کم، ڈین انڈرگریجویٹ ڈاکٹر کرسٹن کروم، اور نائب ڈین طلبہ امور ڈاکٹر میتھو پیٹاشنک Matthew Patashnickکو انکے عہدوں سے ہٹادیا۔ ان پر الزام ہے کہ یہ تینوں سوشل میڈیا پر غزہ نسل کشی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف پوسٹ نصب کیا کرتے تھے، انتطامیہ کے خیال میں مواد کا کچھ حصہ یہود دشمن یا Antisemitic کی تعریف پر پورا اترتا ہے
• امریکی جامعہ مشیگن کی ڈائریکٹر برائے تنوع،برابری اور شمولیت (DEI)ڈاکٹر راشل ڈاوسن کو سام دشمنAntisemitic تبصرہ کرنے پر ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔ ڈاکٹر صاحبہ نے جامعہ کی اسرائیل نواز پالیسی پر جھنجھلا کر یہ کہدیا تھا کہ “جامعہ دولتمند یہودیوں کے کنٹرول میں ہے”
نئے سنگِ میل
• حافظ نعیم الرحمان جماعت اسلامی پاکستان کے چھٹے امیر منتخب ہوگئے
• سعد کاظمی اسلامک سرکل آف نارتھ امریکہ (ICNA)کے امیر منتخب ہوگئے۔
• سوئیڈن نیٹو کا 32 واں رکن بن گیا
• عالمی ادارے BRICSمیں توسیع۔ مصر، ایتھیوپیا، ایران، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نئے رکن بن گئے۔ آذربائیجان، بنگلہ دیش، میانمار، پاکستان، سینگال، سری لنکا، شام اور وینزویلا امیدوار رکنیت قرار
• ڈنمارک، یونان، پانامہ، صومالیہ اور پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن منتخب ہوگئے۔
• جسٹس عالیہ نیلم لاہور ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس مقرر ہوگئیں
• ایران نے چاہ بہار بندرگاہ دس سال کےپٹے پر ہندوستان کا دیدی۔ چاہ بہار سے ایک شاہراہ افغانستان تک جاتی ہے یعنی ب ہندوستان کو وسط ایشیا تک رسائی مل گئی ہے۔
• فیس بک کے مالک ادارے METAنے ‘نہر ٰتا بحر فلسطین’ کے نعرے کو ‘جائز’ قرار دیدیا
• : امریکی ٹیلی ویژن CBSنے یروشلم کو اسرائیل کا حصہ ماننے سے انکار کردیا۔ ملازمین کے نام ایک برقی خط میں کارکنوں سے کہا گیا ہے کہ یروشلم اسرائیل کا حصہ نہیں بلکہ متنازعہ علاقہ ہے۔ لہٰذا یروشلم سے خبر جاری کرتے وقت رپورٹر صرف یروشلم کہے، یروشلم اسرائیل کہنا درست نہیں ۔
• آسٹریلیا نے فلسطینیوں سے بدسلوکی اور قبضہ گردی کی حمایت پر اسرائیل کی سابق وزیرانصاف ایلے شکر (Ayelet Shaked)کو ویزا دینے سے انکار کردیا
• ناورے، ہسپانیہ، آرمینیا اور آئرلینڈ نے فلسطین کو آزادوخودمختار ریاست تسلیم کرلیا
• برطانیہ نے اسرائیل کو اسلحے کے 350 میں سے 30 لائسنس معطل کردئے
• جرمنی نے اسرائیل کو اسلحے کی فراہمی پر پابندی لگادی۔ اٹارنی جنرل کو ڈر ہے کہ عالمی عدالت انصاف (ICJ) کے مقدمے کی زد غزہ خونریزی میں اسرائیل کی معاونت کرنے والے ممالک پر بھی پڑسکتی ہے
• ناروے کے گورنمنٹ فنڈر المعروف Norway Wealth Fundنے غزہ نسل کشی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی میں مدد اور سہولت کاری فراہم کرنے والے اداروں میں سرمایہ کاری نہ کرنےکا عندیہ دیا ہے۔
کُچھ اور اہم و دلچسپ
• دبئی انکشاف یا Dubai Unlocked نامی رپورٹ کی اشاعت۔ رپورٹ کے مطابق 2020سے 2022 کے دوران دنیا بھر کے سیاستدانوں، کاروباریوں، جرنیلوں اور حکومتی اہلکارو ں نے دبئی میں 3 کھرب 89 ارب ڈالر کی جائیداد یں خریدیں۔ سرمایہ کاری کے اس حجم میں پاکستان سے آنے والی رقومات کا تناسب ڈھائی فیصد ہے ۔ان خریداروں میں بلاول بھٹو اور انکی دونوں ہمشیرہ ، نوازشریف کے صاحبزادے حسین نواز، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی اہلیہ، پیپلز پارٹی کے شرجیل میمن اور انکے اہل خانہ، تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سینیٹر فیصل واوڈا، سابق خاتونِ اول محترمہ بشریٰ بی بی کی قریب ترین سہیلی اور رازدار محترمہ فرح گوگی۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت، جنرل پرویز مشرف مرحوم، سابق وزیراعظم شوکت عزیز کے علاوہ پاکستان کے کئی سابق جرنیل، سابق اور موجود ارکانِ اسمبلی اور کاروباری شخصیات شامل ہیں۔
• بالی ووڈ کی اداکارہ کنگنا رناوت کو چندی گڑھ ائرپورٹ پر گارڈ نے تھپڑ ماردیا۔کنگنا حالیہ چناو میں ہماچل پردیش کے حلقے مندی سے بے جے پی کے ٹکٹ پر انتخاب جیتی ہیں۔
• سابق صدر ڈانلڈ ٹرمپ کو جیوری نے تمام کے تمام 34الزامات ثابت ہونے پر مجرم قراردیدیا۔ موصوف پر الزام ہے کہ انھوں نے ایک اداکارہ کو تعلقات چھپانے کیلئے انتخابی فنڈ سے رقم دی تھی۔ انھیں نومبر میں سزا سنائی جانی تھیں لیکن صدر منتخب ہونے کی بناپر معاملہ داخل دفتر کردیا گیا
• صدر بائیڈن کے صاحبزادے ہنٹر بائیڈن پر منشیات کے عادی ہونے کے باوجود اسلحہ رکھنے اور جھوٹا بیانِ حلفی دینے کے تین الزامات عدالت میں ثابت ہوگئے۔ تاہم سزاکے اعلان سے پہلے ہی امریکی صدر نے اپنے بیٹے کو ‘صدارتی معافی’ عطا کردی
مقدور ہو تو خاک سے پوچھوں کہ ائے لئیم
تونے وہ گنج ہائے گراں مایہ کیا کئے
• دمشق کے ایرانی سفارتخانے پر میزائیل حملے میں پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر بریگیڈئر جنرل محمد رضا زاہدی اپنے 16 ساتھیوں سمیت جاں بحق
• غزہ مزاحمت کاروں کے سیاسی قائد اسماعیل ہنیہ کو اسرائیل نے ایران میں شہید کردیا
• لبنانی مزاحمت کاروں کے عسکری رہنما فواد شکر المعروف حاجی محسن اسرائیلی حملے میں جاں بحق
• اسماعیل ہانیہ کے جانشین یحییٰ سنوار اسرائیلی فوج سے لڑتے ہوئے غزہ میں جاں بحق
• لبنانی مزاحمت کاروں کے قائد حسن نصراللہ اسرائیلی بمباری سے بیروت میں جاں بحق
• امریکی ممتاز فلسطینی دانشور ولید دقہ جیل میں انتقال کرگئے۔جناب دقہ کو 1987 میں ایک اسرائیلی فوجی کو قتل کرنے کے الزام میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ ہڈیوں کا سرطان میں مبتلا ہونے کے باوجود انھیں رہائی نہ ملی اور ڈاکٹرصاحب نے جیل کی کوٹھری میں دم توڑا۔
• غزہ کے ممتاز ماہرِ تقویم الاعضا (Orthopedic Surgeon) ڈاکٹر عدنان البرش اسرائیلی قید میں انتقال کرگئے۔
• ایران کے صٖدر ابراہیم رئیسی، وزیرخارجہ امیر حسین امیرعبداللهیان، مشرقی آذربائیجان کے گورنر ملک رحمتی اور تبریز شہر کےخطیبِ جمعہ محمد علی الہاشم ہیلی کاپٹر کے ایک حادثے میں جاں بحق
• یمن کی اسلامی تحریک، الاصلاح کے قائد اور موقر جامعہ ایمان کی بانی شیخ عبد المجید زندانی 82 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
انتقال پرملال:
• پاکستانی سیاستدان، بیوروکریٹ سابق وزیرخزانہ اور خارجہ سرتاج عزیز کا انتقال
• ممتاز پاکستانی صحافی نذیرناجی انتقال کرگئے
• معروف امریکی سیاست دان سنیٹر جو لائیبرمین انجہانی ہوگئے
• ممتاز صحافی اور بزنس ریکارڈر کے ڈپٹی چیف ایگزیکیٹیو ارشد زبیری طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔
• امریکہ کے 39 ویں صدر جمی کارٹر 100 برس کی عمر میں انتقال کرگئے
اہم ترین: غزہ مزاحمت ایک نظریہ ہے جسے ختم نہیں کیا جاسکتا۔ جو سمجھتے ہیں کہ مزاحمت جلد ختم کر دی جائیگی وہ قوم کو گمراہ کررہے ہیں۔ (نظرئے کی بیخ کنی کیلئے) اگر حکومت نے متبادل حکمت عملی وضع نہ کی تو (مزاحمت) باقی رہیگی۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان شریک امیر البحر (رئر ایڈمرل) ڈینیل ہیگاری) کا ٹی وی چینل 13 کو انٹرویو
آپ مسعود ابدالی کی پوسٹ اور اخباری کالم masoodabdali.blogspot.comاور ٹویٹر Masood@MasoodAbdaliپربھی ملاحظہ کرسکتے ہیں۔
Load/Hide Comments