فریقین اور ان کے وکلا بھی عدالتی فیصلوں میں تاخیر کے یکساں طور پر ذمہ دار ہیں،سپریم کورٹ

اسلام آباد (صباح نیوز) سپریم کورٹ نے جائیداد کے تنازع سے متعلق ایک اہم فیصلہ جاری کیا ہے جس میں عدالتوں میں مقدمات کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ان کے فیصلوں میں تاخیر پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عوام کی جانب سے فیصلے میں تاخیر کی ذمہ داری صرف عدالتوں پر ہی عائد کی جاتی ہے جبکہ فریقین اور ان کے وکلاء  بھی اس طرح کی تاخیر کے لیے یکساں طور پر ذمہ دار اور جوابدہ ہیں۔

جائیداد کے تنازع سے متعلق سپریم کورٹ نے جسٹس محمد علی مظہر کی جانب سے لکھا گیا 13صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کر دیا۔ سپریم کورٹ نے فیصلے میں کہا ہے کہ عدالتوں میں مقدمات کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونا ناقابل تردید ہے، عوام کی جانب سے فیصلے میں تاخیر کی ذمہ داری صرف عدالتوں پر ہی عائد کی جاتی ہے۔

فیصلے میں سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ بغیر یہ تسلیم کیے کہ فریقین اور ان کے وکلاء بھی اس طرح کی تاخیر کے لیے یکساں طور پر ذمہ دار اور جوابدہ ہیں، درحقیقت التوا کی درخواستیں دائر کرنا تاخیر کی ایک بڑی وجہ ہے۔ سپریم کورٹ کے مطابق ہر جج ملک کی تقریباً ہر عدالت میں موجود بڑے پیمانے پر پچھلے مقدمات سے آگاہ ہے،  وقت آگیا ہے کہ عدالتیں گرائونڈ لیول پر بھی داخلی طور پر مناسب مینجمنٹ سسٹم برقرار رکھیں۔ سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ جج کا مشن انصاف کی فراہمی اور فریقین کے درمیان تنازعات کو ملک کے قانون کے مطابق حل کرنا ہے۔ اس میں کہا گیا کہ فیصلوں میں تاخیر کے نتیجے میں عدالتی نظام پر تنقید ہوتی ہے کہ عدالتی مقدمات برسوں اور دہائیوں تک جاری رہتے ہیں۔ فوجداری مقدمات میں بھی ملزم اور متاثرین کو انصاف کے حصول میں کئی سال انتظار کرنا پڑتا ہے۔

جب اپیل طویل تاخیر کے بعد مقرر ہوتی ہے تو ملزم قید کے دوران انتقال یا اپنی سزا مکمل کرچکا ہوتا ہے۔ انصاف کی فراہمی میں تاخیر انصاف سے انکار ہے۔  تحریری فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ دیوانی مقدمات میں تحریری بیان دینے، گواہان کی فہرستیں جمع کروانے اور فیصلہ دینے کا ضابطہ دیوانی میں ذکر موجود ہے۔ بدقسمتی سے دیوانی مقدمات میں تقریبا ہر عدالت میں تاخیر ہوتی ہے۔ سپریم کورٹ کا فیصلے میں کہنا تھا کہ انصاف کی فراہمی میں تاخیر انصاف سے انکار  نہیںہے، ہائیکورٹس ماتحت عدلیہ کے لیے آرٹیکل 202،203 کے تحت دیوانی مقدمات کے لیے وقت مقرر کرنے کے بارے میں رولز بنا سکتی ہیں۔