الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت باہمت یتیم بچوںکیلئے 2روزہ لیڈر شپ کیمپ

  کراچی(صبا ح نیوز)الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت باہمت یتیم بچوں کے لیے 2روزہ لیڈر شپ کیمپ کا اہتمام الخدمت آغوش ہوم گلشن معمار میں کیا گیا ۔ باہمت بچوں کو لیڈرشپ ،اسلامی عقائد ،کیئر گائیڈ لائن ،اچھا مسلمان اور اچھا پاکستانی بننے اور اپنی صلاحیتوں نکھارنے کے لیے ان کی تربیتی سیشنز منعقد کیے گئے ۔

ڈائریکٹر اسکولز آف لیڈرشپ علی حیدر ،سی ای او اطالیق پاکستان شہزاد قمر ،معروف ٹرینر نثار موسی ،فصیح اللہ حسینی ،جہانزیب راضی اور محمد عتیب نے مختلف ٹریننگ سیشن میں بچوں کو لیکچر دیا۔باہمت بچے منفردٹریننگ سیشنز سے محظوظ ہوئے ۔دوروزہ ٹریننگ سیشن کے اختتام تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت ڈائریکٹر آرفن کیئر پروگرام یوسف محی الدین نے کی۔ تقریب سے محمد ہارون شاہد نے بھی خطاب کیا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوسف محی الدین نے کہا کہ لیڈرشپ کیمپ کے اہتمام کا مقصد ان بچوں کو باصلاحیت اور قابل بنانا ہے ۔اس طرح کے پروگرامات سے بچوں کی صلاحیتوں کو بڑھانے اور انہیں بہترین انسان بنانے میں مدد ملتی ہے ۔

انہوں نے بچوں کو مخاطب کر کے کہا کہ آپ باہمت بچے ہیں،آغوش ہوم آپ کے گھر کی طرح ہے ۔آپ نے پڑھنا ہے اور آگے بڑھنا ہے ۔یوسف محی الدین نے کہا کہ آپ ہی پاکستان کا روشن مستقبل ہیں ۔اپنا وقت ضائع کرنے کے بجائے اسے کارآمد بنائیں ۔تقریب کے اختتام پر لیڈر شپ کیمپ میں شریک بچوں میں اسناد تقسیم کی گئیں ۔