کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام 5 جنوری کو یوم حق خودارادیت ریلی

مظفرآباد(صباح نیوز)کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ 5 جنوری یوم حق خودارادیت کے موقع پر دارالحکومت میں حق خود ارادیت ریلی کا انعقاد کرے گی۔ ریلی کے سلسلے میں حریت وفد کا مختلف اداروں اور مکاتب فکر کے افراد سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے ،کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ ،سکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ ، حریت رہنما زاہد اشرف، مشتاق الاسلام ، محمد اشرف ڈار نے کہا ہیکہ 5 جنوری یوم حق خودارادیت کے موقع پر مظفرآباد میں حق خودارادیت ریلی کا انعقاد کیا جائے گا جس کی قیادت کنوینئر غلام محمد صفی اور آزاد کشمیر کے سیاسی قائدین کریں گے۔

حریت وفد نے ڈائریکٹر لبریشن سیل راجہ سجاد،پی آئی ڈی کے ڈائریکٹر مرزا بشیر، اور ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ راجہ فیاض سے ملاقات کی اور انہیں 5 جنوری یوم حق خودارادیت ریلی میں شرکت کی دعوت دی ۔

حریت وفد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم اس اپنی انتہا کو چھو رہا ہے۔ حق خودارادیت مانگنے کی پاداش میں بھارت نے کشمیری عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے ۔ حق خودارادیت کے مطالبے پر کشمیریوں کی نسل کشی سے لیکر ریاست جموں و کشمیر کی ڈیموگرافی بڑی تیزی کے ساتھ تبدیل کی جا رہی ھے۔ کشمیریوں سے ان کی زمینیں اور ان کے گھر چھیںنیے جا رہے ہیں اور کالے قانون کے تحت کشمیریوں کو جیلوں میں مقید کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کالے قوانین کے تحت آزادی اظہارِ رائے کو بری طرح دبا رہا ہے۔

ان حالات میں آزاد کشمیر کے غیور عوام ان مظلوم عوام کی آواز بنیں ۔ وفد نے بتایا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ 5 جنوری کو یوم حق خودارادیت ریلی کا انعقاد کرکے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے ریاست جموں کشمیر کے عوام کیلئے آزادانہ ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کا مطالبہ کرے گی۔ انکا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ پوری ریاست کے عوام بھارتی فوجی قبضے اور ریاستی دہشت گردی کیخلاف بیک آواز استصواب رائے کا مطالبہ کریں۔۔