اسلام آباد(صباح نیوز)حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ دعا ہے 2025ء کشمیریوں ،فلسطینیوں کی آزادی کا سال ہو۔سال نو پر اپنے پیغام میں مشعال ملک کا کہنا تھا کہ سب کو نئے سال کی تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتی ہوں، امید کرتی ہوں کشمیریوں، فلسطینیوں کو انصاف ملے، دنیا میں امن ہو، حق اور باطل کی جنگ میں امن جیتے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو بھی بہت بہت مبارکباد پیش کرنا چاہتی ہوں، پاکستان یونائیٹڈ نیشنل کی سکیورٹی کونسل کا 8 ویں بار ممبر بنا ہے، امید کرتی ہوں ممبر شپ کے بعد کشمیر کاز دنیا کے اندر مزید مثبت طریقے سے اجاگر ہوگا۔ مشعال ملک کا کہنا تھا کہ اللہ سے دعا ہے یہ کشمیریوں، فلسطینیوں کی آزادی کا سال ہو، تمام مظلوم فلسطینی قیدی رہا ہوں، ہم نے 10سال سے یاسین ملک کو بھی نہیں دیکھا، اللہ یاسین ملک کو بھی رہا کرے، لاکھوں کشمیری اپنے خاندان سے الگ ہیں، اللہ ان کو بھی آپس میں ملائے۔