عالمی برادری 2کروڑ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلائے، ڈاکٹر محمد مشتاق خان

اسلام آباد( صباح نیوز)جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرگلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاکہ 5جنوری کو 2کروڑ کشمیری پوری دنیا میں حق خودارادیت منائیں گے،عالمی برادری 2کروڑ کشمیریوں کو حق خودارادیت دلائے،ہندوستان کی قیادت نے خود اقوام متحدہ میں جاکر عہد کیاتھاکہ وہ کشمیریوں کو حق دے گی کہ وہ اپنی آزاد مرضی سے اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کریںگے،عالمی سطح ُپر تسلیم شدہ اپنے حق مانگنے کی پاداش میں ہندوستان نے 7لاکھ کشمیری شہید کردیے اور شہادتوں کا سلسلہ جاری ہے،نوجوان امت کا اثاثہ ہیں جدید تعلیم سے لیس ہوکر ملت اسلامیہ کی خدمت کریں،اسلامی جمعیت طلبہ نوجوانوں کی سیرت وکردار کی تعمیرکررہی ہے،

ان خیالات کااظہارانھوں نے اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام فہم دین کیمپ میں شریک طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر سیکرٹری جنرل اسلامی جمعیت طلبہ احتشام اور دیگر طلبہ نے خطاب کیا،طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد مشتاق خا ن نے کہاکہ نوجوان امت کا مستقبل اور دشمن کا ہدف ہیں پورا مغرب اور اس کے وسائل امت کے نوجوانوں کو بے راروی کا شکارکرنے کے لیے لگارہے ہیں،مغربی تہذیبی یلغار کا مقابلہ کرنے کے لیے نوجوان اسلامی تہذیب اختیار کریں،جمعیت کے نوجوانوں نے تحریک آزادی کشمیرمیں اپنا گرم گرم  لہو پیش کیاہے۔