مظفرآباد(صباح نیوز) کل جماعتی حُریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ 5 جنوری یوم حق خودارادیت کے موقع پر دارالحکومت میں ریلی کا انعقاد کرے گی۔ ریلی کے سلسلے میں منتظم کمیٹی کا مختلف سیاسی جماعتوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری۔ بھارتی جبرواسبتداد سے آزادی تک مزاحمت جاری رکھیں گے۔
منتظم کمیٹی ۔کل جماعتی حُریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے راہنماؤں ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ، مشتاق احمد بٹ، مشتاق الاسلام، محمد اشرف بٹ اور عزیر احمد غزالی نے کہاہے کہ5 جنوری یوم حق خودارادیت کے موقع پر مظفرآباد میں ریلی کا انعقاد کیا جائے گا جس کی قیادت کنوینئر غلام محمد صفی اور دیگر کشمیری قائدین کریں گے۔ منتظم کمیٹی نے سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد اور مہاجرین راہنماؤں گوہر احمد کشمیری، راجہ محمد عارف خان سے ملاقات کی اور انہیں 5 جنوری یوم حق خودارادیت ریلی میں شرکت کی دعوت دی۔ منتظم کمیٹی نے راہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبرواسبتداد کے خلاف عوامی مزاحمت پوری قوت سے جاری ہے۔ حق خودارادیت مانگنے کی پاداش میں بھارت کشمیری عوام کو تہ تیغ کرنے کی مذموم سازشوں پر گامزن ہے۔ کشمیری شہریوں کو شہید یا تو جیلوں میں مقید کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کالے قوانین کے تحت آزادی اظہارِ رائے کو بری طرح دبا رہا ہے۔ ان حالات میں آزاد کشمیر کے غیور عوام ان مظلوم عوام کی آواز بنیں۔
وفد نے بتایا کہ کل جماعتی حُریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ 5 جنوری کو یوم حق خودارادیت ریلی کا انعقاد کرکے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے ریاست جموں کشمیر کے عوام کیلئے آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کا مطالبہ کرے گی۔ انکا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ پوری ریاست کے عوام بھارتی فوجی قبضے اور ریاستی دہشت گردی کیخلاف بیک آواز استصواب رائے کا مطالبہ کریں۔ انہوں ملاقات کے دوران قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر اور اپوزیشن لیڈر سے مطالبہ کیا کہ 2 جنوری 2025 کو آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے اقوامِ متحدہ کی حق خودارادیت کی قرارداد کے حق اور اس پر عملدرآمد کے لیئے ایک متفقہ قرارداد پاس کریں۔