باکو(صباح نیوز)قازقستان میں آذربائیجان کے طیارہ حادثے کے حوالے روس کے صدر ویلادیمیر پوٹن کی معذرت کے بعد آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے بھی بیان جاری کردیا اور روس پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا۔
غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے کہا کہ حادثے کے شکار طیارے کو روس کی سرزمین سے ہونے والی فائرنگ سے نقصان پہنچا۔آذربائیجان کے نشریاتی ادارے کے مطابق صدر الہام علیوف نے کہا کہ 38 افراد کی زندگیاں چھیننے والے الم ناک حادثے کا شکار طیارہ روس کی طرف سے ہونے والی فائرنگ کا نشانہ بنا۔انہوں نے کہا کہ اس بات پر افسوس ہے کہ روس میں چند حلقوں نے آذربائیجان کے مسافر طیارے کے حادثے سے متعلق حقائق چھپانے کی کوشش کی اور حادثے کی وجوہات پر جھوٹا بیانیہ پیش کیا۔قبل ازیں ہفتے کو روس کے صدر ویلادیمیر پوٹن نے الہام علیوف کو فون کرکے طیارہ حادثے پر معذرت کی تھی اور روس کی سرزمین پر طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔