لاہور(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں عوامی مسائل حل کرنے پر کسی کی توجہ نہیں، پی ٹی آئی حکومت نے صوبے میں کرپشن کے فروغ کے سوا کچھ نہیں کیا، بانی پی ٹی آئی نے اعتراف کیا کہ معیشت بہتر ہوئی ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 10 سال سے خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے، صوبائی حکومت کی کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کرنا چاہتا ہوں ، وائٹ پیپر میں فنانشل کرپشن اور بے نظمی ہے، میٹرو بس کو جنگلا بس کہنے والوں نے پشاور میں بی آر ٹی بنائی، سیاسی جماعتوں کا منشور عوام کی خدمت ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا میں لگ بھگ 11 سال کی حکومت ہوگئی، پی ٹی آئی کی حکومت نے کرپشن کے فروغ کے سوا کچھ نہیں کیا۔ ن لیگی رہنما نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں فرضی کمپنیاں ہیں، تمام پیسہ سوشل میڈیا پر خرچ کیا جارہا ہے، صحت کے لئے رکھے گئے پیسے دھرنوں اور چڑھائی میں استعمال کرلئے ، خیبرپختونخوا میں لا اینڈ آرڈر کے حوالے سے پی ٹی آئی نے کچھ نہیں کیا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں 192 ارب روپے کا خسارہ ہوا ہے، پنجاب کو بھی اتنے ہی فنڈز تفویض کئے جاتے ہیں جتنے دوسرے صوبوں کو ملتے ہیں، خیبرپختونخوا میں عوامی مسائل حل کرنے پر کسی کی توجہ نہیں ۔انہوں نے کہا کہ باتیں کرنے اور لشکر کشی کرنے سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا، کے پی کا قرض واپس کرنے کیلئے 355 ارب روپے کی ضرورت ہے، جو پورے صوبے کا بجٹ ہے، خیبرپختونخوا میں 500 ڈیم بنادیئے ، کوئی بتائے کہاں ہیں ڈیم، کوئی بجلی پیدا کی ہو، کوئی ٹربائن لگائی ہو، نہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام محب وطن پاکستانی ہیں، پاکستان کی محبت سے سرشار لوگ ہیں، یہ ان سے کس بات کا بدلہ لے رہے ہیں، میاں شہباز شریف کی حکومت ملک کو ڈیفالٹ سے نکال کر معاشی استحکام کی طرف لائی اور اب ترقی کی طرف بڑھ رہے ہیں، پچھلے سال مہنگائی 32 فیصد پر تھی، اس سال 4 فیصد پر آ گئی ہے۔ا نہوںنے کہا کہ کیا خیبر پختونخوا کی حکومت کی ذمہ داری نہیں کہ وہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں بنائے۔