بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے زیادہ پیسے بھیج کر سول نافرمانی کی کال مسترد کردی،مریم اورنگزیب

لاہور(صباح نیوز) پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 11 ماہ میں 31 فیصد زیادہ پیسے بھیج کر سول نافرمانی کی کال مسترد کردی ہے۔سال 2024 کے پہلے 11 ماہ میں ترسیلات زر میں مزید 31 فیصد اضافے کا خیر مقدم کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ اب بیرون ملک مقیم پاکستانی جھوٹ فریب اور فراڈیوں کے جھانسے میں آنے والے نہیں۔انہوں نے کہا کہ مار دو ، جلا دو ، گالی گلوچ ، غنڈہ گردی ، جھوٹ فراڈ سول نافرمانی کی کالز  سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا،

نو مئی کے مجرموں سے ملک کی ترقی ، سنبھلتی ہوئی معیشت عوام کی خوشحالی ہضم نہیں ہو رہی جس کو چار سال میں تباہ و برباد کر کے گئے تھے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ نو مئی کے مجرم، ملک کو لوٹنے والے چور اور ملک کو جلانے والے بہروپیے  کسی رعایت کے مستحق نہیں، اوورسیز پاکستانی سنبھلتی ہوئی معیشت میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں کبھی دوسروں پہ جھوٹے الزامات، کھبی سائیفر کا فراڈ ہر بات پہ جھوٹ ، اب کوئی ماننے والا نہیں، “امریکہ نے میری حکومت گرائی” سے “امریکہ  مجھے بچالو” ! کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے۔بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا شکریہ جو پاکستان کی معیشت مضبوط بنانے میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت مبارکباد کی مستحق ہے، آٹھ ماہ میں مہنگائی کی رفتار 38 سے کم کرکے 4 فی صد اور پالیسی ریٹ 22 سے 13 فی صد پر آنا معجزے سے کم نہیں ہے۔