اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ساتھ کسی بھی قسم کے اختلافات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اختلاف تو کیا اختلاف رائے بھی نہیں ہے۔ یہ سب مریم کا میڈیا سیل کر رہا ہے۔ بشریٰ بی بی گزشتہ چھ ماہ سے لاہور نہیں گئیں اور ان کے ساتھ میرا سوئی کے نکے کے برابر بھی کوئی اختلاف نہیں۔ خاتون اول کا وجود کل بھی میرے لئے طاقت تھا اور آج بھی وہ میرے لئے اتنی ہی طاقت ہیں۔ اپوزیشن جو بھی کہہ رہی ہے۔ میرا اس طرف دھیان نہیں ہے۔ میرا اس وقت فوکس مہنگائی سے نمٹنا ہے۔
نجی ٹی وی کے اینکر کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت میں وزیراعظم نے کہا کہ سال ڈیڑھ سال قبل بھی مریم کے میڈیا سیل نے انہیں لوگوں کے ذریعے میری نجی زندگی کو نشانہ بنایا تھا اور خاتون اول کو نشانہ بنایا تھا اور میں نے تمہارے ذریعے ہی اس کی تردید کی تھی اور میں آج بھی اس کی تردید کر رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مریم کے میڈیا سیل پر یقین کرنے کے لئے ضمیر کی قربانی بھی دینا پڑتی ہے جو لوگ ضمیر کی قربانی دے رہے ہیں۔ وہ شاید ان باتوں پر یقین بھی کر رہے ہوںگے۔
وزیراعظم نے کہا کہ خوف کے علاوہ اس پراپیگنڈہ کا کوئی مقصد نہیں ہے۔ یہ لوگ بالکل خوفزدہ ہو چکے ہیں اور سیاسی طور پر یہ خوف کا شکار ہیں اور جب بھی یہ خوفزدہ ہوتے ہیں تو پھر ہمیشہ کی طرح میری ذاتی زندگی کو نشانہ بنانا شروع کر دیتے ہیں۔ اس دفعہ بھی انہوں نے یہی کیا ہے۔
ایک سوال پر وزیراعظم نے کہا کہ میں اس وقت عوام کو مہنگائی کی دلدل سے نکالنے کی تیاری کر رہا ہوں۔ اپوزیشن جو کچھ بھی کہہ رہی ہے میرا اس طرف کوئی دھیان نہیں ہے۔
ا نہوں نے کہا کہ میرا اس وقت فوکس مہنگائی سے نمٹنا ہے۔ اس وقت ہمارا فوکس یہ ہے کہ عوام کے لئے ذرائع آمدن بڑھائے جائیں اور عوام کی آمدن بڑھائی جائے اور نوکریاں پیدا کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ چار سے چھ ماہ تک کے اثرات آج شروع ہو جائیں گے، اگر عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں اوپر نہ گئیں تو پھر عوام کے لئے چار سے چھ ماہ بعد ریلیف کا وقت ہو گا۔