غزہ (صباح نیوز)غزہ میں جاری اسرائیلی فوج کے حملوں میں مزید 18 فلسطینی شہید ہوگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق جنگ بندی کی کوششوں کے باوجود صیہونی فوج نے غزہ کے شہریوں پر حملے جاری رکھے ہوئے ہیں اور تازہ حملوں میں ایک ڈاکٹر سمیت مزید 18 فلسطینی شہید ہوگئے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے بیت لاھیا، بیت ہنون اور جبالیہ میں 70 دنوں سے محصور فلسطینیوں تک خوراک پہنچانے سے بھی روک دیا ہے۔
دوسری جانب غزہ میں جنگ بندی کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں اور اس حوالے سے عرب میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ حماس غزہ پٹی سے اسرائیلی فورسز کے مکمل انخلاء اور مکمل جنگ بندی کی شرائط سے دستبردار ہوگئی ہے مگر اس کے باوجود اب تک جنگ بندی کے حوالے سے کوئی باقاعدہ پیشرفت یا اعلان سامنے نہیں آیا۔ علاوہ ازیں یمن کی جانب سے گزشتہ روز اسرائیل پر ہونے والے بیلسٹک میزائل حملے کے بعد اسرائیلی طیاروں نے یمن کی سالف بندرگاہ اور توانائی کے انفرا اسٹرکچرز پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔