کشمیر لبریشن الائنس کاضلع کولگام میں شہید ہونے والے مجاہد کمانڈر فاروق احمد بٹ اور ان کے چار ساتھیوں کو شاندار خراجِ عقیدت

سری نگر(صباح نیوز)جموں کشمیر لبریشن الائنس کے ترجمان سجاد میر نے ضلع کولگام کے علاقے کڈر بہی باغ میں شہید ہونے والے مجاہد کمانڈر فاروق احمد بٹ اور ان کے چار ساتھیوں کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاکباز شہدا ء کی انمول انمٹ قربانیاں ہی ہیں جو ہندوتوا کے ایجنڈے کو پورا نہیں ہونے دے رہی ،اپنے جاری بیا ن میں انہوں نے کہا کہ یہ مجاہدین ہمارے محفوظ مستقبل کے لیے اپنی جوانیاں قربان کر رہے ہیں ۔ کشمیری نوجوان بھارتی فوجی قبضے سے مکمل آزادی کی خاطر عظیم قربانیاں دے رہے ہیں جن کا مقصد ملازمت ، مراعات یا زمین و جائیداد کا حصول نہیں بلکہ مظلوم کشمیریوں کو بھارت کے غاصبانہ قبضے سے نجات دلانا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر بزور طاقت قبضہ کر رکھا ہے اور اس کو فوجی چھانی میں تبدیل کر دیا ہے جبکہ کالے اور ظالمانہ قوانین کی آڑ میں بے گناہ کشمیریوں کا خون بہایا جا رہا ہے ۔ترجمان نے کہاکہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدار بھارت کشمیر میں ایک سیاہ سامراج کی حیثیت رکھتا ہے جس نے مقبوضہ کشمیر میں جمہوریت کو رسوا کر دیا ہے اور وہ صرف طاقت اور تشدد کے سہارے کشمیر پر قابض ہے ، لیکن بالآخر ایک روز حریت پسند کشمیری جوانوں کی سرفروشانہ جدوجہد رنگ لائے گی اور دہلی کے ظالم برہمن سامراج کا فوجی غرور پاش پاش ہو گا ، غیور کشمیریوں کے غیض و غضب کا آتش فشاں بھارت کو جلا کر راکھ کر دے گا ۔ سجاد میر نے شہدا ء کے بلند درجات اور جنت نشینی کی دعا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم مقدس شہدا اور مسلمانانِ جموں کشمیر کی قربانیوں کی ہر طرح سے ہر طرف سے حفاظت کرتے ہوئے ان کے مقدس مشن کو تاحصولِ منزل جاری رکھیں گے۔