اسلام آباد(صباح نیوز)چئیرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد اور سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد کی جمعرات کو ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ فوڈ پروگرام راٹھی پالا کرشنن سے بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران بینظیرنشوونما پروگرام کے تحت ماں و بچے کی صحت کے اقدامات، آگاہی مہم کے فروغ اور خیبر پختونخواہ میں ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت بی آئی ایس پی پروگرامز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرپرسن روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی کو ڈبلیو ایف پی کے ساتھ نشوونما پروگرام کے فروغ کیلئے شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر فخر ہے۔ بینظیر نشوونما پروگرام ماں اور بچے کی صحت و غذائی ضروریات پر قابو پانے کے حوالے سے بی آئی ایس پی کا ایک اہم ترین پروگرام ہے ۔
اس پروگرام کے فروغ کیلئے خواتین میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس پروگرام کے ثمرات سے مستفید ہوسکیں۔ ہم ملک گیر سطح پر بینظیرنشوونما پروگرام کی توسیع کیلئے کوشاں ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ پاکستان میں ہر بچے کو زندگی میں ایک صحت مند آغاز کا موقع ملے جو کہ ایک روشن اور خوشحال مستقبل کی بنیاد ہے۔ دونوں فریقین کی جانب سے بی آئی ایس پی اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے مابین سماجی تحفظ اقدمات میں بہتری لانے، پاکستان میں صحت و غذائیت سے متعلق ضروریات کو پورا کرنے اور صوبائی سطح پر آپریشنز کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا