تل ابیب(صبا ح نیوز) اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو مصر روانہ ہوگئے ہیں جس کے بعد آئندہ چند روز میں حماس کے ساتھ غزہ جنگ بندی معاہدہ طے پانے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم جنگ بندی مذاکرات کے لیے قاہرہ روانہ ہوگئے ہیں۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں غزہ جنگ بندی معاہدہ طے پانے کا امکانات روشن ہوگئے ہیں۔دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر اسرائیل نئی شرائط عائد کرنا بند کردے تو جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کا معاہدہ ہوسکتا ہے۔ حماس نے جاری بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ دوحہ میں برادر قطر اور مصر کی نگرانی میں جاری مذاکرات انتہائی سنجیدہ اور مثبت نوعیت کے ہیں۔ ان مذاکرات کے نتیجے میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے تک پہنچنا ممکن ہے، بشرطیکہ قابض قوت غیر ضروری شرائط عائد کرنے سے باز رہے۔