اسلام آباد(صباح نیوز)صدرمملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی اقتصادی بحالی میں تیزی آ رہی ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول ہے ،متحدہ عرب امارات کے کاروباری اداروں کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں۔
صدر آصف علی زرداری کا متحدہ عرب امارات کے قومی دن کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قومی دن کے موقع پر متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،اتحاد کے بعد سے متحدہ عرب امارات نے قابل ذکر ترقی کی عرب امارات تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت کے شعبوں میں عالمی مرکز کے طور پر ابھرا،پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی رشتہ ہے ،شیخ زائد بن سلطان النہیان نے دونوں ممالک کے مابین پائیدار تعلقات کی بنیاد رکھی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری کاکہنا تھا کہ پاکا-متحدہ عرب امارات تعلقات مذہب ، اعتماد اور باہمی احترام پر مبنی ہیں،پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے قیام سے چھ ماہ قبل ہی سفیر بھیج کر سفارتی نمائندگی قائم کی ،مشکل وقت میں متحدہ عرب امارات کی حمایت کے لیے تہہ دل سے شکر گزار ہیں،دونوں ممالک کے مابین قابل اعتماد اسٹریٹجک شراکت داری ہے ،متحدہ عرب امارات پاکستان کے اہم اقتصادی شراکت داروں میں سے ایک ہے ،
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تجارت مسلسل بڑھ رہی ہے، متحدہ عرب امارات میں مقیم 18 لاکھ پاکستانیوں سے دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملی،امارات کے ساتھ آئی ٹی ، توانائی، زراعت ، سیاحت سمیت اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری کاکہنا تھا کہ پاکستان کی اقتصادی بحالی میں تیزی آ رہی ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول ہے ،متحدہ عرب امارات کے کاروباری اداروں کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں،یقین ہے کہ مختلف شعبوں میں متعدد معاہدوں سے دوطرفہ تعاون مزید گہرا ہوگا، دونوں ممالک کے درمیان دوستی مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں،پاکستان متحدہ عرب امارات دوستی زندہ باد۔