ریاض(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سعودی ہم منصب سے ریاض میں ملاقات کی، اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ریاض میں سعودی عرب کے وزارت داخلہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف سے ملاقات کی۔سعودی عرب کے نائب وزیر داخلہ ناصر الداد، وزارت داخلہ کے انڈر سیکریٹری ڈاکٹر خالد الباطل، پبلک سیکیورٹی کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی، ڈرگ کنٹرول کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد القرنی بھی ملاقات میں موجود تھے۔
پاکستانی وفد میں سعودی عرب میں تعینات سفیر احمد فاروق، ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ اینڈ امیگریشن مصطفی جمال قاضی اور وزارت داخلہ کے ایڈیشنل سیکریٹری رفعت مختار راجا شامل تھے۔شہزادہ عبد العزیز بن سعود نے اپنے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی اور وفد کے دیگر ارکان کا خیر مقدم کیا، ملاقات میں انسداد منشیات کے حوالے سے تعاون بڑھانے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ نے سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا اور منشیات کی اسمگلنگ سے نمٹنے کے اقدامات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی گفتگو کی۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور یہاں سے ہر پاکستانی کا مذہبی عقیدت و احترام کا رشتہ ہے جب کہ ہم سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے لیے نیک خواہشات رکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کی بے پایاں سپورٹ پر دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں