قاہرہ(صباح نیوز)نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے منگل کو ایشیا میں انٹرایکشن اور اعتماد سازی کے اقدامات(سیکا) کے7 ویں وزارتی اجلاس میں ورچوئل شرکت کی، یہ اجلاس سیکا چیئر آذربائیجان کی میزبانی میں ہوا۔ دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں علاقائی تعاون بڑھانے، امن کو فروغ دینے اور ایشیا میں پائیدار ترقی کو آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔نائب وزیراعظم نے ایشیا میں مشترکہ، جامع، تعاون پر مبنی اور پائیدار سلامتی کے حصول کے لیے سیکا کے وژن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے خطے کے اہم چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے سیکا کی بے پناہ صلاحیت کو اجاگر کیا جن میں سیاسی تنازعات اور مقامی غربت شامل ہے جو اجتماعی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔پاکستان کے بیان کا ایک اہم مرکز اقتصادی انضمام اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے علاقائی رابطوں کو مضبوط بنانا ہے۔ نائب وزیر اعظم نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو جیسے رابطوں کے اقدامات کے اہم کردار پر زور دیا جس میں مشترکہ ترقی کو فروغ دینے، بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں سہولت فراہم کرنے اور ایشیا بھر میں تجارت اور توانائی کے روابط کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے علاقائی اقتصادی تعاون اور خوشحالی کے لیے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ بیان کے مطابق پاکستان سیکا کا بانی رکن ہے، اس کثیرالقومی فورم کا مقصد ایشیا میں امن، سلامتی، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے اپنے 28 رکن ممالک کے درمیان تعاون اور اعتماد سازی کو بڑھانا ہے۔
Load/Hide Comments