کرم میں بھاری ہتھیاروں کی واپسی پر تحفظات دور کرنے کی کوشش جاری ہے، بیرسٹر سیف


پشاور (صباح نیوز)مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ کرم میں بھاری ہتھیاروں کی واپسی پر تحفظات دور کرنے کی کوشش جاری ہے۔کرم گرینڈ جرگے کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اینٹی ایئرکرافٹ ویپنز، میزائل اور آر پی جیز سے علاقے کو پاک کرنا ہوگا، بنکرز کی مسماری کے بغیر مستقل امن ممکن نہیں۔انہوں نے کہاکہ بھاری اسلحے کی حوالگی اور بنکرز کے خاتمے کے بغیر مرکزی شاہراہ نہیں کھولی جا سکتی، صوبائی حکومت جان بچانے والی ادویات اور اشیائے خورونوش کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائے گی۔ آج بھی ہیلی کاپٹر کے ذریعے ادویات کی ایک بڑی کھیپ ضلع کرم پہنچائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں دو قبائل کے درمیان پیدا ہونے والے تنازع میں اب تک 200 سے زیادہ افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔اب حکومت اور گرینڈ جرگے کے اقدامات کے باعث علاقے میں فائر بندی ہوئی ہے، تاہم ابھی تک مرکزی شاہراہ نہیں کھل سکی، جس کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔