اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے ریکارڈ کرنٹ اکاونٹ سرپلس کے حصول پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 10 سال میں پہلی بار نومبر2024 میں پاکستان کا کرنٹ اکاونٹ سرپلس 729 ملین امریکی ڈالر پر پہنچ جانا ملکی معیشت کے لیے انتہائی خوش آئند ہے۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے شرح سود میں کمی، مہنگائی اور افراط زر میں بتدریج کمی اور کرنٹ اکاونٹ سرپلس میں اضافہ حکومت کی مثبت معاشی پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ کرنٹ اکاونٹ سرپلس میں ریکارڈ اضافے سے پاکستان کی عالمی معاشی مارکیٹ میں پوزیشن مستحکم ہو گی، کرنٹ اکاونٹ سرپلس سے پاکستانی معیشت ملکی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو گا۔وزیراعظم نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک اور حکومت کی معاشی ٹیم کو اس سنگ میل پر خراج تحسین پیش کیا۔