اسلام آباد(صبا ح نیوز)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ، بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاونڈیشن اور کارنداز پاکستان کے مابین معاہدے پر دستخط ہوگئے ، یہ اقدام چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کی سیکرٹری عامر علی احمد کے ہمراہ لندن دورے کے دوران بل اینڈ میلنڈا گیٹس فانڈیشن او ر کارانداز نمائندگان سے ہونے والی اہم ملاقاتوں کے نتیجے میں ایک انقلابی پیش رفت ہے معاہدے کے مطابق کارنداز ملک کے مقررکردہ اضلاع میں بی آئی ایس پی مستحقین کو RAAST پیمنٹ سسٹم کے ذریعے رقوم کی آسان ادائیگی اور ملک گیر سطح پر ڈیجیٹل و مالیاتی خواندگی تربیتی پروگرام میں معاونت فراہم کریگا؛ جس کے ٹرائل فیز کا باقاعدہ آغاز 30 جون 2025 سے ہوگا؛ بی آئی ایس پی کی جانب سے ڈی جی کیش ٹرانسفرز نوید اکبر اور کارانداز کے چیف ڈیجیٹل آفیسر شرجیل مرتضی نے معاہدے پر دستخط کئے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ، بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاونڈیشن اور کارانداز پاکستان کے مابین بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں معاہدے پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے کی۔
اس موقع پر سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد ، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر طاہر نور اور دیگر شعبہ جات کے ڈائریکٹر جنرلز موجود تھے۔کارانداز پاکستان کے سی ای او وقارص الحسن ، بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاونڈیشن کے کنٹری لیڈ سید علی محمود ، شرجیل مرتضی چیف ڈیجیٹل آفیسر کارانداز اور صائمہ ملک جینڈر لیڈ کارانداز نے تقریب میں شرکت کی۔سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ ہم بی آئی ایس پی مستحقین کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرتے ہوئے انہیں بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ یہ معاہدہ ایک انقلابی قدم ہے جس کے تحت مستحق خواتین کی عزت نفس کو برقرار رکھتے ہوئے شفاف طریقے سے امدادی رقوم کی مکمل ادائیگی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غریب خواتین کی عزت و وقار کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ادائیگی میں سہولت فراہم کرنا اور شفافیت برقرار رکھنا بی آئی ایس پی کا مشن ہے