کراچی(صباح نیوز)اسلامی تحریک مزاحمت ( حماس) کے ایک وفد نے ڈاکٹر خالد قدومی کی قیادت میں جامعہ داراالعلوم کراچی کے صدر اور وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سربراہ مولانا مفتی محمد تقی عثمانی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کی تازہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور خطے میں حالیہ پیش رفت کے مسئلہ فلسطین پر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
ڈاکٹر خالد قدومی نے اس موقع پر امت مسلمہ کے مسائل کے حل اور فلسطینیوں کے حقوق کے دفاع میں علما کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مسجد اقصیٰ کو لاحق صیہونی خطرات کے تناظر میں علما کی ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے علما کو امت کی امید قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسلام کی سربلندی اور امت کی عزت و وقار کے قیام میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔
مولانا محمد تقی عثمانی نے وفد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ خطے میں جاری تبدیلیاں مسئلہ فلسطین کے حق میں مثبت نتائج لائیں گی۔ انہوں نے غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت اور فلسطین کے حوالے سے اپنی مکمل یکجہتی کا یقین دلایا اور اس امر پر زور دیا کہ علما ہمیشہ امت مسلمہ کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے سرگرم رہیں گے۔