حکومت کے بہت سے لوگ ہم سے رابطے میں ہیں،قمر زمان کائرہ


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکومت کے بہت سے لوگ ہم سے رابطے میں ہیں، مونس الٰہی نے جن الفاظ میں یہ بات کہی وہ بہت قابلِ اعتراض ہے، انہوں نے جو کہا وہ بہت ساری باتیں ظاہر کرتا ہے۔

یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت میں شامل بہت سے لوگ عوام کے غیض و غضب سے بچنا چاہتے ہیں اور یہ لوگ ہم سے رابطے میں ہیں، پیپلز پارٹی، مولانا اور (ن) لیگ سے (ق) لیگ نے وعدہ کیا تھا کہ اپنی جماعت میں یہ معاملہ رکھیں گے، قاف لیگ کے ترجمان کامل علی آغا نے باقاعدہ کہا کہ ہماری آج تک مشاورتی میٹنگ نہیں ہوئی۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مونس الٰہی نے جن الفاظ میں یہ بات کہی وہ بہت قابلِ اعتراض ہے، انہوں نے جو کہا وہ بہت ساری باتیں ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت میں شامل بہت سے لوگ بحران کے حل کے لیے ان چیزوں کی طرف دیکھ رہے ہیں، حکومت سے جلد جان چھڑانا پاکستان کے مفاد میں ہے تو کامیابی کے لیے کوشش کرنی چاہئے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ جو بھی اس معاملے سے پیچھے ہٹے گا تاریخ میں سزا وار ٹھہرے گا، (ن) لیگ اور دیگر جماعتیں بھی سمجھتی ہیں کہ اس حکومت سے جان چھڑانا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ پرانا تھا، باقی جماعتوں کو اس پر آنے میں وقت لگا، کمیٹی بننے کے بعد معاملہ سامنے آ جائے گا۔