اسلام آباد (صباح نیوز)سینیٹ میں پاکستان پیپلزپارٹی کی پارلیمانی لیڈر اورسینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کی چیئرپرسن شیری رحمان نے کہا ہے کہ مہنگائی، بیروزگاری، بدحالی، بدانتظامی اور کرپشن کے خلاف پیپلز پارٹی 27 فروری کو کراچی سے لانگ مارچ کا آغاز کر رہی۔ اس نااہل حکومت کے خلاف ہر شہری پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ میں شامل ہوگا۔ عوام کو نہ گھبرانے کے مشورے دینے والے آج کل اپنی کابینہ کو نہ گھبرانے کہ مشورے دے رہے۔
ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے منگل کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔شیری رحمان کا کہنا تھا کہ اطلاعات ہیں کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 سے 12 روپے فی لیٹر تک اضافہ کرنے جا رہی ہے۔ اس وقت پیٹرول کی قیمت پہلے ہی 148 روپے فی لیٹر ہے۔ 3 سال میں اس حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 53 روپے کا اضافہ کیا ہے۔
دو سال مزید رہے تو پیٹرول خریدنا مشکل ہو جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت مجموئی مہنگائی کی شرح 13 فیصد، ہفتہ وار مہنگائی کہ شرح 18.42 فیصد اور کم آمنے والے طبقے کے لئے مہنگائی 20 فیصد سے اوپر ہے۔ اس صورت حال میں پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ناقابل قبول ہے۔ حکومت کرسی بچانے میں مصروف ہے، عام آدمی کی مشکلات ان کو اندازہ بھی نہیں۔