اسلا م آباد(صباح نیوز)کینسر کے موذی مرض میں مبتلا پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے گیس اینڈ پٹرولیم حاجی خیال زمان انتقال کر گئے۔ہنگو سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے والے حاجی خیال زمان گزشتہ کئی ماہ سے کینسر میں مبتلا تھے اور موذی مرض سے لڑ رہے تھے۔
ایم این اے خیال زمان کی نمازجنازہ کل منگل کو دوپہر2 بجے اسلام آباد میں ادا کی جائے گی۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی این اے 33 ہنگو سے منتخب ہوئے تھے ، انہوں نے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار عتیق الرحمان کو شکست دی تھی۔حاجی خیال زمان ایک فعال اور بے باک سیاستدان تھے ان کا شمار خیبرپختونخوا کے مقبول سیاسی رہنماوں میں ہوتا تھا۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی خیال زمان کے انتقال پر بہت دکھ ہوا، اللہ تعالی انکی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے،آمین۔فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ کچھ عرصہ قبل خیال زمان شدید علالت میں بھی قومی اسمبلی میں اپنا ووٹ ڈالنے آئے تھے، انکی وفاداری اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔