جے امیت بھائی شاہ نے آئی سی سی چیئرمین کے عہدے کا چارج سنبھال لیا

لندن(صباح نیوز)بھارتی تاجر جے  امیت بھائی شاہ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین کے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔ کرکٹ کے عالمی ادارے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی سربراہی تبدیل ہوگئی ہے۔ گریگ بارکلے جن کے عہدے کی مدت 30 نومبر کو مکمل ہوئی، وہ اگست میں ہی دستبردار ہونے کا اعلان کر چکے تھے۔

گریگ بارکلے کے دستبردار ہونے کے بعد جے شاہ کو آئی سی سی کا بلامقابلہ چیئرمین منتخب کیا گیا تھا اور انہوں نے اپنے اس عہدے کا چارج بھی سنبھال لیا ہے۔جے شاہ نے عہدے کا چارج سنبھالنے پر کہا ہے کہ آئی سی سی کا چیئرمین بننا باعث فخر ہے۔ اس کے لیے آئی سی سی ڈائریکٹرز اور بورڈ ممبرز کی حمایت اور اعتماد پر شکر گزار ہوں۔واضح رہے کہ اس سے قبل آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پر ڈیڈ لاک ہونے کے باعث گریگ بارکلے کے عہدے کی مدت میں ایک ہفتے کی توسیع کے امکانات ظاہر کیے جا رہے تھے۔