اسلام آباد ،لاہور ،کراچی(صباح نیوز)شدید دھنداور سموگ کے باعث موٹرویز بند رہیں ، کئی ایئرپورٹس پرپروازیں منسوخ کی گئیںجبکہ 39تاخیر کا شکارہوئیں ،ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے ۔ترجمان موٹروے کے مطابق شدید دھند اور سموگ کی وجہ سے موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک بند، ایم 4 عبدالحکیم سے شیر شاہ تک بھی بند جب کہ ایم 5 شیر شاہ سے سکھر اور سیالکوٹ موٹرویکو بھی ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ۔،حد نگاہ انتہائی کمی رہی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی
۔شدید موسم کی خراب صورتِ حال کی وجہ سے 4 پروازیں منسوخ اور ایک کو متبادل ایئر پورٹ پر اتار لیا گیا۔فلائٹ شیڈول کے مطابق سموگ کی وجہ سے 39 ملکی اور غیر ملکی پروازیں تاخیر کا بھی شکار ہوئی ں ۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق جدہ سے ملتان کی غیر ملکی ایئر لائن کی پروازیں ایس وی 800 اور 801 کو منسوخ کر دیا گیا جبکہ پی آئی اے کی ریاض سے لاہور کی پروازیں پی کے 725 اور 726 منسوخ کر دی گئیں۔دبئی سے ملتان آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 222 لاہور اتار لی گئی جبکہ کراچی سے لاہور کی پروازوں پی کے 302، 303 اور پی اے 401، 405 میں تاخیر ہوئی ہے۔کراچی سے اسلام آباد کی پروازیں پی کے 308، 301 اور ای آر 503 میں بھی تاخیر ہوئی جبکہ پرواز جی 9563 فیصل آباد سے شارجہ کے لئے 12 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی۔فیصل آباد سے دبئی کی پرواز ایف زیڈ 392 تین گھنٹے تاخیر ہوئی اور ریاض سے لاہور کی پروازوں ایکس وائی 317، 318 میں 7 گھنٹے تاخیر ہوئی ۔لاہور سے کراچی کی پروازیں پی ایچ 401 اور 405 میں ساڑھے 4 گھنٹے کی تاخیر ہوئی جبکہ دمام سے اسلام آباد کی پی آئی اے کی پرواز پی کے 246 میں 6 گھنٹے تاخیر اور اسلام آباد سے جدہ کی پرواز پی کے 841 چھ گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی ۔کراچی سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 308 تین گھنٹے کی تاخیر سے شام 7 بجے جبکہ کراچی سے ملتان کی پرواز پی کے 330 مقررہ وقت سے پہلے روانہ کی جا رہی ہے اور دبئی سے ملتان کی پرواز ایف زیڈ 326 ڈھائی گھنٹے تاخیر ہوئی ۔اسلام آباد سے کراچی کے لیے پی کے 301 سوا 4 گھنٹے تاخیر سے دوپہر سوا 2 بجے روانہ ہو گی، جدہ سے سیالکوٹ کی پروازوں پی کے 745 اور 746 میں ڈیڑھ سے دو گھنٹے کی تاخیر ہوئی
اس کے علاوہ دبئی سے سیالکوٹ کی پروازوں پی ای کے 620 اور 621 میں 4 گھنٹے تاخیر جبکہ سیالکوٹ سے شارجہ کی پرواز جی 953 میں 7 گھنٹے تاخیر کر دی گئی ۔کراچی میں کینٹ اسٹیشن پر ٹرینوں کی آمد و رفت گھنٹوں تاخیر کا شکار ہوئی ۔ایک مسافر نے بتایا کہ خیبر میل کو رات 10 بجے کینٹ اسٹیشن پہنچنا تھا جو صبح 5 بجے پہنچی ، مسافروں کو ٹرینوں سے متعلق معلومات دینے والا بھی کوئی نہیں۔مسافر نے کہا کہ سکھر ایکسپریس تاخیر سے روانہ ہوئی ۔ ٹرینوں کی آمد و رفت میں تاخیر سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔دوسری جانب ریلوے انتظامیہ نے کہا کہ مختلف شہروں میں دھند کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت میں تاخیر ہوئی ۔