پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں ایسی شرائط لگائی گئیں جس کی وجہ سے خریدار نہیں آئے، مفتاح اسماعیل

اسلام آباد(صباح نیوز)سابق وفاقی وزیر خزانہ و عوام پاکستان پارٹی کے رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ یہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ ایک صوبہ وفاق سے پی آئی اے خرید لے، کیونکہ کاروبار کرنا حکومت کا کام نہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پی آئی کی نجکاری کے عمل میں ایسی شرائط لگائی گئیں جس کی وجہ سے خریدار نہیں آئے حالانکہ چار سنجیدہ گروپ پی آئی اے بڈنگ میں شرکت کرنا چاہتے تھے۔

انہوں نے کہاکہ صوبوں کا کام تعلیم، صحت، لا اینڈ آرڈر اور عوام کو سہولت فراہم کرنا ہے، صوبے ایک پیسے کا ٹیکس جمع نہیں کرتے اور وفاق سے پیسے لیتے ہیں۔مفتاح اسماعیل نے کہاکہ دنیا میں کوئی حکومت ایئرلائن نہیں چلاتی، میں نہیں سمجھتا کہ کوئی صوبہ وفاق سے ایئرلائن خریدے۔