پشاور(صبا ح نیوز)امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ اور لبنان کے بعد ایران پر بھی حملہ کر دیا ہے۔ اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ مشرقِ وسطی میں جنگ کا دائرہ وسیع ہوتا جا رہا ہے۔ ایران پر حملہ گریٹر اسرائیل کے ناپاک عزائم کی نشانی ہے۔ مسلم حکمرانوں کو خوابِ غفلت سے جگانے اور متحد ہو کر اسرائیل کو منہ توڑ جواب دینے کی ضرورت ہے۔ دہشت گردی کے واقعات میں اضافے اور ان میں شدت آنے پر تشویش ہے۔ صوبائی اور وفاقی حکومتیں آپس میں دست و گریباں ہیں اور صوبے کے عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا۔ دہشتگردانہ واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔ زخمیوں کی جکد صحتیابی اور شہدا کی مغفرت کے لیے دعا گو ہیں۔ اسلامی جمعیت طلبہ صالح نوجوانوں کی تحریک ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ کی تحریک وطن عزیز میں اسلامی انقلاب برپاکرنے کے عظیم مقصد کیلئے ہے ،اسلامی جمعیت طلبہ تعلیمی روایات اور اسلامی نظریات کے تحفظ کیلئے مسلسل جد وجہد کی اعلی مثال ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور میں اسلامی جمعیت طلبہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے کارکنان کی تربیتی ورکشاپ سے خطاب اور اخبارات کو جاری بیان میں کیا۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ غزہ میں انسانی جانیں بے وقعت ہو کر رہ گئی ہیں۔ اسرائیل معصوم بچوں اور خواتین کو نشانہ بنا کر نسل کشی کر رہا ہے۔ اسلامی ممالک اور پاکستان اس حوالے سے خاموش ہیں۔ پاکستان کی جانب سے ایک دھمکی بھی اسرائیلی مظالم رکوا سکتی ہے۔ لیکن ہمارے حکمران امریکہ سے ڈرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ سے دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ اور گزشتہ روز سے ان میں شدت آ گئی ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور افسر کو شہید کیا گیا ہے۔ شمالی وزیرستان اور ٹانک میں بھی سیکورٹی فورسز پر حملے ہوئے ہیں جن میں متعدد اہلکار شہید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف بیس سال سے آپریشن جاری ہیں لیکن دہشت گردی ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی اور اس کی وجہ سے فوج اور اس کی ایجنسیوں کے بارے میں سوال اٹھتے ہیں۔
خیبرپختونخوا میں بد امنی کا راج ہے اور حکومتی رِٹ کہیں بھی نظر نہیں آ رہی۔ ایسا لگتا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام اور سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں کو دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ حکومت خیبرپختونخوا کے حالات پر سنجیدگی سے غور کرے اور امن و امان کے قیام کے لیے اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اسلام دشمن قوتیں روشن خیالی کو بنیاد بنا کر پورے ملک میں اسلامی نظریات کو تبدیل کرنے کی سازش کر رہی ہیں ۔ پاکستان کے نظریات کے تحفظ کے لیے آپ نوجوانوں کو تعلیم اپنا ہتھیار بنانا ہوگا۔ آج ملک کو بچانے کیلئے تعلیم یافتہ اور مضبوط نظریات کے حامل نوجوان واحد سہاراہیں ، آپ سے ملک کا مستقبل وابستہ ہے جس کیلئے جمعیت کے نوجوان یہ اہم فریضہ انجام دینے کیلئے میدان عمل میں موجود ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ کو پر فتن دور میں اپنی جدوجہد کو جاری رکھنا ایک چیلنج ہے، اللہ تعالی کے دین کی سربلندی کے لیے ہر وقت تیار رہنا ہوگااور کسی قربانی سے دریغ نہیں کر ہوگا ، یہی جدوجہد مقصد حیات اور اسی میں کامیابی ہے۔