شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس کے لئے انتظامات مکمل ہیں، عطااللہ تارڑ

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے لئے انتظامات مکمل ہیں، قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے الرٹ ہیں، کسی کے احتجاج کے اعلان سے کوئی فرق نہیں پڑتا، سازشی ذہنیت رکھنے والے گھر بیٹھ کر سکون کریں، شرپسند عناصر کو کسی قسم کا رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے انتظامات بارے  میں وفاقی وزیر اطلاعات نے  اپنے بیان میںکہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے استقبال کے لئے بھرپور تیاریاں کی گئی ہیں۔پاکستان میں ایس سی او کا بڑا ایونٹ منعقد ہونے جا رہا ہے جس کی میزبانی ہمارے لئے باعث اعزاز ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس کے لئے سیکورٹی انتظامات مکمل ہیں، پاکستان آرمی، رینجرز، ایف سی اور اسلام آباد پولیس نے سیکورٹی کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے، تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل الرٹ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی کے احتجاج کے اعلان سے کوئی فرق نہیں پڑتا، اسلام آباد کو مکمل طور پر محفوظ کر دیا گیا ہے۔اللہ تعالی کے فضل و کرم سے سلامتی کی صورتحال پر ہماری مکمل توجہ مرکوز ہے، سازشی ذہنیت رکھنے والے گھر بیٹھ کر سکون کریں، ایس سی او اجلاس ان شاء اللہ خوش اسلوبی سے منعقد ہوگا، شرپسند عناصر کو کسی قسم کا رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایس سی او سربراہ اجلاس کے شیڈول کے مطابق انعقاد کے لئے مکمل تیار ہیں، سربراہ کانفرنس میں شرکت کے لئے 12 ممالک کے وزرااعظم پاکستان آئیں گے جن کا بھرپور استقبال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جگہ جگہ شنگھائی تعاون تنظیم کے لوگو لگائے گئے ہیں،پاکستان کی ثقافت اور خوبصورتی کو اجاگر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او اجلاس علاقائی تعاون و ترقی کے لئے بھی اہمیت کا حامل ہے جس میں اہم موضوعات زیر بحث آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو بتائیں گے کہ پاکستان میں بہت صلاحیت موجود ہے، انشااللہ پاکستان ترقی کی منازل طے کرتا رہے گا۔