اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ آئینی ترامیم میں کچھ غیر آئینی نہیں ہورہا ہے،اپوزیشن سے بھی استدعا کی ہے کہ وہ بھی اس حوالے سے اپنی تجاویز دیں،ایک ماہ سے اس پر بات چیت چل رہی ہے۔
خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے پہلے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم آئین کے دائرہ کار میں رہ کرایک ماہ سے ان آئینی ترامیم پر بات چیت کررہے ہیں،اس میں کوئی چیز غیر آئینی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر معاملے کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے،ہم آئین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے ترامیم کررہے ہیں۔ہم نے تو اپوزیشن سے بھی استدعا کی ہے کہ وہ بھی کھلے دل سے اس حوالے سے اپنی تجاویز دیں،صرف تنقید کرنے سے معاملہ حل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کیسوں کا التوا انتہائی زیادہ ہے،عدالتی فیصلوں پر جس طرح کی تنقید ہورہی ہے وہ سب کے سامنے ہے۔۔