سی ڈی اے میں کام کرنے والے ملازمین کی بچیوں کے لیے میرج گرانٹ میں اضافہ

اسلام آباد(صباح نیوز)سی ڈی اے مزدور یونین نے سٹاف ویلفیئرفنڈسے ادارے میں کام کرنے والے ملازمین کی بچیوں کے لیے میرج گرانٹ میں ایک لاکھ روپے سے بڑھا کر دولاکھ روپے اضافہ کروادیا اور ساتھ ہی یہ فیصلہ کروایا کہ وہ ملازم جسکی دویا دوسے زائد بیٹیاں ہیں انکی دوبیٹیوں کو یہ میرج گرانٹ ملے گی،بیوہ کو ملنے والے سٹاف ویلفیئرفنڈ کو تیس ہزارروپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے اورسکیل نمبر01سے سکیل نمبر05تک کے وہ ملازمین جن کے بچوں نے سالانہ امتحانات میں 80فی صد سے زائد نمبرزحاصل کیے ہیں

ان کو ملنے والی سکالر شپ کو 20,000روپے سے بڑھا کر40,000روپے کروادیا گیاجس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن سیکرٹری سٹاف ویلفیئر کمیٹی /ڈائریکٹرایڈمنسٹریشن نے جاری کر دیا،سی ڈی اے ملازمین نے نوٹیفکیشن کے اجرا پر قائد مزدور یونین اور انکی پوری ٹیم کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں بچیوں کی شادی پر میرج گرانٹ میں اضافہ خوش آئندہ اقدام ہے جس سے غریب ملازمین کی مشکلات میں کمی آئے گی،

اس موقع پر سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین نے چیئرمین و ممبران سٹاف ویلفیئرکمیٹی کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ سٹاف ویلفیئر فنڈ کا مقصد ہی ملازمین کی فلاح و بہبود ہے،الحمدللہ سی ڈی اے مزدور یونین نے ہی شادی گرانٹ،سٹاف ویلفیئرفنڈ اور سکالرشپ کا اجرا کروایا تھا اور اب ان میں 100فی صد دوبارہ اضافہ کروایا ہے جس سے یقینا ملازمین کی مشکلات میں کمی آئے گی اور وہ بہترانداز میں زندگی گزارسکیں گے،سی ڈی اے مزدور یونین ہر لمحہ ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے اور آئندہ بھی انکے مسائل کے لیے اپنی خدمات جاری رکھے گی۔۔۔