اسرائیلی دہشت گردی میں ہر روزاضافہ ہوتا جارہا ہے۔عمرایوب خان


اسلام آباد(صباح نیوز)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلا ف عمرایوب خان نے سربراہ حزب اللہ حسن نصراللہ شہادت کی واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

 قائد حزب اختلاف نے  اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ  دشمن کے سامنے حسن نصراللہ،غزہ کے معصوم عوام کی توانا آواز اور مضبوط ترین ڈھال تھے،اسرائیل کے غزہ کے بعد لبنان کی شہری آبادی پر بم حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ انھوں نے کہا کہ حسن نصراللہ شہید اپنے پاکیزہ مقصد میں کامیاب ہو گئے اور وہ ظلم و ناانصافی کے خلاف پوری سچائی اور استقامت کے ساتھ کھڑے رہے۔

عمر ایوب خان نے کہا کہ اسرائیلی دہشت گردی میں ہر روزاضافہ ہوتا جارہا ہے،اسرائیلی مظالم،جبر اور دہشت گردی کے خلاف اقوام عالم ایکشن لیں۔ شہید حسن نصراللہ نے فلسطین کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اسرائیلی دہشت گردی کو رکوانے کے لیے مداخلت  کرے۔اقوام عالم نے غزہ کے مظلومین پر ہونے والی اسرائیلی سفاکیت پر بیداری اور وحدت کا ثبوت دیا ہوتا تواسرائیل لبنان پر اس شرمناک حملے کی ہمت نہ کرتا۔لبنان پر اسرائیلی حملے آزادی اور خود مختاری کے خلاف ہیں۔

انھوں نے کہا کہ  مشرق وسطی کا خطہ جنگ کے خطرے سے دوچار ہے، حملہ پورے خطے کو خطرناک جنگ میں دھکیلنے کی کوشش ہے،لبنان پر اسرائیل کا حملہ مشرق وسطی میں بدامنی کو ہوا دینے کی کوشش ہے۔