شعیب شاہین ودیگر کو ہراساں کرنے کیخلاف کیسز، آئی جی اسلام آباد کو معاملات حل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین ، علی بخاری اور عامر مغل کو ہراساں کرنے کیخلاف کیسز میں آئی جی اسلام آباد کو معاملات حل کرنے کی ہدایت کردی ۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں شعیب شاہین ، علی بخاری اور عامر مغل کو ہراساں کرنے کے خلاف کیسز کی سماعت ہوئی ، چیف جسٹس عامرفاروق نے کیس کی سماعت کی، وکیل درخواست گزار عمیر بلوچ جبکہ عدالتی حکم پر آئی جی اسلام آباد عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

چیف جسٹس اسلام آباد عامرفاروق نے کہاکہ میں نے پہلے بھی آرڈر کیا تھا کہ ان معاملات کو ذرا اچھے طریقے سے دیکھ لیں، یہ درخواست پولیس کے کنڈکٹ سے متعلق ہے۔چیف جسٹس نے آئی جی سے استفسارکیا کہ درخواست ہے کہ پولیس ہراساں کرتی ہے ،جس پر آئی جی اسلام آباد نے جواب دیا کہ 24 کو آرڈر پاس ہوا اسکے بعد ایک دن ملا تمام فائلز منگوائی ہیں، کیسز دیکھے ہیں۔وکیل درخواست گزار عمیر بلوچ نے کہاکہ جعلی ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہیں ، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آئی جی صاحب اس کو دیکھ لیں اچھا نہیں لگتا جو جعلی مقدمات ہیں ان کو ختم کریں۔

آئی جی اسلام آبادپولیس  نے کہاکہ میں درخواست گزاروں کو بلائوں  گا ان سے میٹنگ کروں گا،جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ان کو بلا کر بٹھا نہ لیجئے گا، عمیر بلوچ کی موجودگی میں میٹنگ کیجیئے گا، اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے آئی جی اسلام آباد کو معاملات حل کرنے کی ہدایت کردی ۔بعدازاں چیف جسٹس عدالت نے کیس کی سماعت دو ہفتوں کے لئے ملتوی کر دی۔