ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، میکرو اکنامک استحکام منزل نہیں، ایک راستہ ہے،محمد اورنگزیب


اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ میکرو اکنامک استحکام منزل نہیں، ایک راستہ ہے، آئی ایم ایف سٹینڈ بائی ایگریمنٹ کامیابی سے مکمل کرلیا، برآمدات میں 29 فیصد اضافہ ہوا، برآمدات میں اضافے کی طرف جارہے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے، ملک میں مہنگائی میں کمی آئی ہے، آئی ایم ایف کا پیکج آچکا ہے، برآمدات میں 29 فیصد اضافہ ہوا ہے، وزیراعظم کی لیڈرشپ میں آئی ایم ایف پروگرام منظور ہوا۔وزیرخزانہ نے کہا کہ وزیراعظم دن رات پاکستان کی ترقی کے لئے  کام کررہے ہیں، پاکستانی معیشت میں استحکام آیا ہے، حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں مہنگائی کم ہوکرسنگل ڈیجٹ میں آگئی، آئی ٹی کے شعبے میں برآمدات میں اضافہ ہوا ہے، نگران حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام میں اہم کردار ادا کیا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف سٹینڈ بائی ایگریمنٹ کامیابی سے مکمل کرلیا ہے، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک حکام سے خوشگوار ملاقاتیں ہوئیں، ہم برآمدات کی اضافے کی طرف جارہے ہیں، پاکستان سٹاک ایکس چینج بھی بہتر پرفارم کررہی ہے، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوا، پالیسی ریٹ 4.5 فیصد کم ہوا ہے، جون میں 2 ارب ڈالر کے منافع کی ادائیگی کرنی تھی، پاکستان نے بروقت تمام ادائیگیاں کیں، افراط زر کم ہونے سے پالیسی ریٹ کم ہوا۔انہوںنے کہا کہ قوم کی امیدوں پر پورا اتریں گے، ٹیکس محصولات بڑھانا ناگزیر ہے، 6 وزارتوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، 6 وزارتیں ختم کرنے کے فیصلے پر اب عملدرآمد ہوگا، 2 وفاقی وزارتوں کو ضم اور ایک کو ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا، سرکاری اداروں میں اصلاحات لائیں گے، وزارتوں کی رائٹ سائزنگ سے متعلق عملدرآمد کرنا ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک میں فائلرز کی تعداد میں اضاف ہوا ہے، گزشتہ سال کے مقابلے میں فائلرز کی تعداد دگنی ہوگئی، اس سال 7 لاکھ 23 ہزار نئے فائلرز ٹیکس نیٹ میں شامل ہوئے ، نان فائلرز گاڑیاں اور جائیداد نہیں خرید سکیں گے،3 لاکھ ہول سیلرز ہیں، 25 فیصد سیلز ٹیکس میں رجسٹرڈ ہیں، ڈیٹا ہمارے پاس ہمیشہ سے تھا، دیکھیں گے فائلرز نے کیا ظاہر کیا اور اصل اثاثے کیا ہیں۔وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ایف بی آر میں بھی اصلاحات کی ضرورت ہے، نان رجسٹریشن میں ہم یوٹیلیٹیز بلاک کر دیں گے، پروڈکشن یونٹس صرف رجسٹرڈ ہول سیلرز کو مال بیچ سکیں گے۔وفاقی وزیر خزانہ نے  کہا کہ پاکستان کے دو بڑے مسائل ہیں جس میں آبادی کے بڑھنے کی شرح ہے جو 2.5 فیصد ہے جو پائیدار نہیں ہے، دوسری چیز موسمیاتی تبدیلی ہے، ہمیں خود کو موسم کی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے تیار کرنا ہوگا۔