وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ میں خطاب میں پوری امت مسلمہ کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی۔سردار ایاز صادق

اسلام آباد (صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی سردارایازصادق نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے اقوام متحدہ کے  79ویں اجلاس میں خطاب کو پوری امت مسلمہ کے جذبات کی بھرپور ترجمانی  قراردے دیا ۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ  فلسطین اور لبنان میں اسرائیل کے غیر انسانی مظالم  کو جس جرات مندانہ انداز میں وزیراعظم پاکستان  نے  بے نقاب کیا وہ قابلِ تعریف ہے اسی طرح  مودی سرکار کو  مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزیوں پر وزیراعظم نے جس طرح آئینہ دکھایا ہے اس کی کہیں مثال نہیں ملتی،وزیراعظم نے بالکل درست کہا کہ عالمی امن اور پائیدار ترقی کا حصول  ان اہم مسائل کو حل کیے بغیر ممکن نہیں۔

اسپیکر  قومی اسمبلی نے کہا کہ وزیر اعظم کی طرف سے دہشت گردی کی تمام شکلوں کے خاتمے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ امن دشمنوں کے لیے واضح پیغام ہے،وزیراعظم نے جہاں ملک کے معاشی اشاریوں کی بہتری کی بات کی وہاں  ملکی ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے واضح لائحہ عمل بھی دیا۔ انھوں نے کہا کہ  وزیراعظم کا علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر  تعمیری کردار ادا کرنے کا عزم  روشن تھا۔ بلا شبہ ایک زیرک، مدبر، بہادر اور درد دل رکھنے والے عالمی رہنما کا خطاب تھا