نیتن یاہو جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، مصر

قاہرہ (صباح نیوز) مصر نے کہا ہے کہ  نیتن یاہو جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مصری وزارت خارجہ نے نیتن یاہو کے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ  نیتن یاہو مصر کا نام استعمال کرکے اسرائیلی عوام کی توجہ ہٹانے اور غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مصر نے واضح طور پر کہا کہ ایسے الزامات، مصر، قطر اور امریکہ  کی طرف سے کی جانے والی ثالثی کی کوششوں میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔

مصری وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ قاہرہ ان الزامات کو مسترد کرتا ہے اور اسرائیلی حکومت کو خبردار کیا کہ اس طرح کے بیانات سے خطے کی صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ مصر نے خطے میں امن و استحکام کے لئے اپنے تاریخی کردار کو جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ علاقائی امن اور سلامتی کی کوششوں کو آگے بڑھاتا رہے گا۔ نیتن یاہو کے بیان کے جواب میں جس میں انہوں نے غزہ اور مصر کے درمیان فلاڈیلفیا کوریڈور پر اسرائیلی کنٹرول برقرار رکھنے کی بات کی تھی، مصر نے اسے خطے میں مزید کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔