ترمیمی بل کا ڈرافٹ نہیں ملا،ترامیم پڑھیں گے نہیں تو ووٹ کیسے دیں گے، عبدالغفور حیدری

اسلام آباد (صباح نیوز) جمعیت علمائے اسلام(ف)کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ ہمیں ابھی تک آئینی ترمیمی بل کا ڈرافٹ نہیں ملا، جب تک ترامیم  پڑھیں گے نہیں تو ووٹ کیسے دیں گے۔ آئینی ترامیم کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن رہنماؤں کی جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے کئی ملاقاتیں ہوئیں۔ متعدد مذاکرات ہو چکے ہیں لیکن اس معاملے پر اب تک ڈیڈ لاک برقرار ہے۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے اتوار کو حکومتی اور اپوزیشن وفود سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے حکومتی ٹیم کو کہا ہے کہ بل پیش کرنے میں جلدی نہ کریں۔ ہمیں ابھی تک ترمیمی بل کا ڈرافٹ نہیں ملا اور جب تک بل پڑھیں گے نہیں تو ووٹ کیسے دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ آئینی مسودے پر جے یو آئی کی مختلف جماعتوں سے ملاقات ہوئی اور حکومت سے مزید سوچ بچار کے لیے وقت مانگا ہے۔ ہم نے حکومت سے کہا ہے کہ اجلاس میں شریک ہوں گے اور وہاں اپنا موقف پیش کریں گے۔