وزیر اعظم کا پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے برطانیہ کی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے پاکستان میں متعین برطانوی ہائی کمشنرمس جین میریٹ نے بدھ کے روز وزیراعظم ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے برطانیہ کی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ اور تاریخی تعلقات ہیں، جنہیں مختلف شعبوں میں تعاون کے ذریعے مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے حکومت کی ترجیحات بالخصوص ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

وزیر اعظم نے تجارت اور سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، سماجی روابط کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور کثیر الجہتی امور پر ہم آہنگی اور تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم لاکھوں پاکستانی دونوں ممالک کے تعلقات کے پل کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کا دونوں ممالک کے بہتر تعلقات میں ایک کلیدی کردار ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے کنگ چارلس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے برطانوی حکومت کی جانب سے پاکستان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران نائب وزیر اعظم اوروزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر داخلہ سنیٹر سید محسن رضا نقوی، وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی موجود تھیں۔